پشاور، 2 خاندانوں میں فائرنگ سے خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق

پشاور (مشرق نیوز) 2 خاندانوں کے درمیان فائرنگ کے واقعہ میں خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق فریقین کے مابین خٹکو پل کے علاقے میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی، جسے علاج کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق تھانہ ارمڑ کی حدود میں فائرنگ کے واقعہ میں ملزمان نے کلاشنکوف کا استعمال کیا اور فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہیں۔ واقعہ گھریلو تنازع کا شاخسانہ لگتا ہے۔ دونوں خاندانوں کے گھر قریب ہیں۔پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیکر کارروائیاں شروع کردی ہیں۔طبی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں فضل امین ، حضرت امین ، احمد ، مسماة (ش)، مسماة (ن)، مسماة (ح) شامل ہیں جبکہ مسماة (ب) زخمی ہے۔