جنگ نہیں چاہتے، بڑھکیں مارنے والے کومذاکرات کی میز پر آنا ہو گا:کائرہ


لاہور:(سٹاف رپورٹر ) ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا ہے بڑھکیں مارنے والے کومذاکرات کی میز پر آنا ہو گا،پاکستان کوئی جنگ چاہتا تھا،نہ چاہتا ہے ،نہ چاہے گامگر پاکستان پر جنگ مسلط نہ کی جائے، مسئلہ کشمیر کے حل تک خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو گا،بھارت کشمیری قوم اور قیادت سے رائے شماری کے وعدے پر عمل درآمد کرائے ، خطے میں پائیدار امن کیلئے کشمیر کا مسئلہ مذاکرات سے حل کیا جائے،ان خیالات کااظہار انہوں نے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عثمان ملک کی رہائشگاہ پر سید حسن مرتضیٰ ،چودھری منظور احمد اور چودھری اسلم گل کیساتھ پریس کانفرنس کر تے ہوئے کیا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا پاکستان نے بڑے صبر سے بھارتی پروپیگنڈے کا مقابلہ کیا اور بڑھکوں کا جواب بڑھکوں سے نہیں دیا، پاکستان پر حملہ ہوا تو ہم دنیا کو کہتے رہے ہمیں دفاع کا حق حاصل ہے،ہمارے سپاہیوں اور عوام نے شہادتیں پائیں ،پاکستان نے ان جگہوں پر حملے کیے جہاں سے حملہ ہوا،بھارت کو بار بار تحقیقات میں تعاون کا کہا،میزئیلوں کے جواب میں ہمارے جواب سے چیخیں نکلیں،پہلے ہی کہا تھااگر ہم پر حملہ ہوا تو ہمارے پاس صلاحیت بھی ہے اور جذبہ بھی،پیپلز پارٹی نے ٹوٹے ہوئے ملک کو اکھٹا کیا،بھٹو نے مضبوط دفاعی نظام اورہیوی کیمیکل کمپلیکس کی بنیاد رکھی،جے ایف 17تھنڈر اسی ایچ ایم سی میں ہی بن رھا ہے،بی بی شہید نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی لیکر دی،آصف زرداری نے بطور صدر پاک چین دوستی کو پھر سے زندہ کیا۔