بھارت سے 71 کی جنگ کا بدلہ لے لیا،دوبارہ حملہ کیا تو تمہارا کچھ نہیں بچے گا، پانی کا حق لڑ کر لیں گے،شہباز

اسلام آباد، سیالکوٹ :(بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے بھارت سے 1971 کی جنگ کا بدلہ لے لیا، دوبارہ حملہ کیا تو تمہارا کچھ نہیں بچے گا، پانی کا حق لڑ کرلیں گے، تاریخ یاد رکھے گی پاک فوج نے چند گھنٹوں میں دشمن کی جارحیت کو خاک میں ملایا، دوبارہ جارحیت پر ایسا جواب دیں گے سوچا بھی نہیں ہوگا، مودی سے کہتا ہوں آگ لگانے کی بجائے آگے بڑھنے کی بات کریں، پانی ریڈلائن ہے، دستبردار نہیں ہوسکتے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سیالکوٹ میں پسرور چھاونی کا دورہ کیا، معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں شریک افسروں، جوانوں سے ملاقات کی، غیرمعمولی بہادری ، پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ائرچیف مارشل ظہیر بابر سدھو، وفاقی وزرا احسن اقبال، عطا تارڑ، کورکمانڈر سیالکوٹ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم کو جنگ کی نوعیت ، کور کی موجودہ آپریشنل تیاریوں پرجامع بریفنگ دی گئی۔

شہبازشریف نے معرکہ حق میں مثالی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہادر مسلح افواج نے قوم کے غیر متزلزل عزم و تعاون کےساتھ مادر وطن کا بہادری سے مثالی دفاع کیا اور دشمن کی جارحیت پر فیصلہ کن منہ توڑ جواب دیا، تاریخ گواہ رہے گی چند گھنٹوں کے اندر بھارت کا غرور خاک میں ملایا، قوم کے عظیم بیٹوںنے دشمن کے ٹھکانوں کو برباد کیا، فضا میں شاہینوں کی جانب سے جہازوں کو برباد کرنا معمولی کارنامہ نہیں، تکنیکی لحاظ سے آپ نے جس طرح جنگ لڑی ماہرین آئندہ کئی سالوں تک آرٹیکل،کتابیں لکھیں گے، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد، سپہ سالا سید عاصم منیر، ائرمارشل ظہیر بابر سدھو، نیول چیف نوید اشرف اور تینوں مسلح افواج کے اہلکاروں کو سلام،24 کروڑ عوام کی طرف سے مبارکباد دینے آیا ہوں، پاکستان کو اپنے بہادر بیٹوں پر بے پناہ فخر ہے وہ قوم کے سر کا تاج ہیں، بھارت کی معصوم شہریوں پر کھلی جارحیت سے بچوں، خواتین اور بزرگ شہید ہوئے،شہدا کو دہشت گرد کہنا سراسر شرمناک اور تمام بین الاقوامی قوانین، اصولوں، اخلاقیات کی خلاف ورزی ہے۔

وزیراعظم نے کہاغیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کے باوجود بھارت نے جان بوجھ کر ایسا راستہ اختیار کیا کیونکہ ثابت کرنے کےلئے کچھ نہیں تھا، جھوٹے بہانے، تکبر اور انا کی بنیاد پر بھارتی جارحانہ کارروائی کابھرپور جواب دیا، شہدا کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

بعدازاں سیالکوٹ پسرور ایئر بیس پر افسروں، جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا پاک فوج نے دشمن کا غرورخاک میں ملایا، دشمن کے دانت توڑتے ہوئے خوش فہمی دور کردی۔ ثابت ہوگیا پاک افواج توانا اور دشمن کا مقابلہ کرسکتی ہے،دنیا پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کی معترف ہے، اغیار اور دوست سب کہنے پر مجبور ہیں، بھارت پاکستان سے پیچھے رہ گیا، آرمی چیف کی پلاننگ شاندار رہی، مجھے جنرل سید عاصم منیر پر فخر ہے، جنرل عاصم منیر پاکستان قوم کے بیٹے ہیں،پاک افواج نے 9 ، 10 مئی کو اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا، کامیابی رہتی دنیا تک تاریخ کے سنہری باب کا حصہ بن چکی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ائرچیف مارشل ظہیر بابر مجھے مختلف مواقعوں پر فضائیہ کے کارناموں کا بتاتے تھے مگر عملی مظاہرہ 9 ، 10 کو کر کے دکھایا اور سب کو حیران کردیا، سپہ سالار، ایئرچیف مارشل، نیول چیف قوم کی آنکھ کا تارہ بن گئے،مجھے قیادت پر فخر ہے جس میں میں نے کوئی جھول نہیں دیکھا، دشمن جب آگے بڑھنے کی کوشش کرتا تو (جنرل عاصم منیر) مجھ سے جواب دینے کیلئے اجازت مانگتے ہیں،ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی کتاب میں سارے کاررنامے لکھوں گا۔

شہبازشریف نے کہادہشتگردی کےخلاف جنگ میں 90 ہزار شہادتیں دیں، 100 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کیا،پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، امن کے داعی ہیں، امن کی خواہش پر غلط فہمی کا شکار نہ ہونا، سندھ طاس معاہدے پر کچھ سوچنا بھی نہیں، پانی بند کرنے یا جارحیت کی دوبارہ کوشش کی گئی تو مزید طاقت سے جواب دیں گے،ملک ،خطے میں خوشحالی چاہتے ہیں،بھارت نے معصوم پھول جیسے بچوں کو نشانہ بنایا، اب مربوط ڈائیلاگ ہوگا، میٹھا میٹھا ہپ ہپ نہیں، بھارت کا خطے میں تھانیداری کا بت پاش پاش ہوگیا، دوبارہ حملہ کیا تو تمہارا کچھ نہیں بچے گا، مسٹر مودی امن کے داعی ہیں، امن چاہتے ہیں، آئیں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق حل کریں،خطے کو امن کا گہوارہ بنائیں، جنگ ،مذاکرات دونوں کیلئے تیار ہیں اگر سندھ طاس معاہدہ معطل کیا یا پانی بند کرنے کا سوچا تو پھر خون ، پانی اکھٹا نہیں بہے گا، پانی کا حق قوم کے سجیلے جوان اپنی بہادری ،جذبے سے حاصل کریں گے۔

وزیراعظم نے کہامودی بتائے 1971 میں مکتی باہنی کو کس نے تربیت دی، سمجھوتہ ٹرین پر حملہ کس نے کیا؟ جعفر ایکسپریس واقعہ کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں، کلبھوشن کون ہے؟ وہ کس کی جاسوسی کررہا تھا،مودی بھاشن نہ دو، دہشت گردی کیخلاف نبردآزما ہیں،سب ملکر دہشت گردی کا ہمیشہ ہمیشہ کا خاتمہ کریں گے،مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ حل کر کے تجارت کریں گے اگر آپ علاقے کے تھانیدار بنے تھے تو اب سارا بھرم ٹوٹ گیا ،معنی خیز مذاکرات چاہتے ہیں،دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو تمہارا کچھ نہیں بچے گا، پہلے سے زیادہ بھرپور جواب دیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم کا آمد پر آرمی چیف اور کورکمانڈر گوجرانوالہ نے پرتپاک استقبال کیا، دریں اثنا وزیراعظم نے آپریشن بنیان مرصوص کی فرنٹ لائنز کا دورہ کیا ،آپریشن میں شریک جوانوں سے ملاقات کی،جذبے، پیشہ وارانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ، ایئرچیف مارشل ظہیر بابر سدھو بھی ہمراہ تھے،شہبازشریف نے آپریشن میں شریک تمام فورسز کو ملکی دفاع ،امن و استحکام کےلئے اہم کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور حوصلے کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جنوبی ایشیا کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،شہبازشریف نے جنوبی ایشیا کی کشیدہ صورت حال کم کرنے کےلئے سیکرٹری جنرل کی قیادت ، سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی قیادت کے مسلسل اشتعال انگیز بیانات پر تشویش ہے،پاکستان نے خطے میں امن کے وسیع تر مفاد میں جنگ بندی پر اتفاق کیا،پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔

وزیر اعظم نے بھارتی جھوٹے الزامات اورجارحیت کوخطرناک مثال قرار دیتے ہوئے کہا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے،بھارتی قیادت کے مسلسل اشتعال انگیز بیانات علاقائی امن کےلئے خطرہ ہیں،سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کا منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن یقینی بنانے کےلئے ناگزیر ہے ،سیکرٹری جنرل تنازع کے منصفانہ حل میں اپنا کردار ادا کریں،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے علاقائی امن واستحکام آگے بڑھانے کےلئے دونوں فریقین کےساتھ رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔