لاہور (قمر عباس) واسا آپریشن ڈائریکٹوریٹ کے شعبہ ڈرینج میں لاکھوں روپے کی مبینہ مالی بے ضابطگیاں، تعمیراتی کام کے ٹینڈر میں محکمے کو ہونیوالی بچت کے پیسوں کے ذاتی مفاد میں استعمال کرنے کی منصوبہ بندی سامنے آ گئی۔ ریوائز ٹی ایس کے برعکس ٹھیکیدار کو غیر قانونی بل جاری کرنے کا انکشاف۔تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واسا کا محکمہ کو کرپشن فری بنانے کا منصوبہ آپریشن ڈائریکٹوریٹ کے شعبہ ڈرینج کی جانب سے ناکام بنانے کی کوشش کرتے ہوئے پوش علاقہ میں سٹروم واٹر کو لیکٹنگ چیمبر کی تعمیر کی خاطر ٹینڈر کیا گیا جس کی لاگت سرکاری طور پر تقریباً ایک کروڑ روپے کے قریب تھی۔ٹینڈر پراسس کے بعد 27.73فیصد بچت ہوئی۔اس پر 15فروری 2025کو ٹی ایس جاری کی گئی اورکامیاب ہونے والے ٹھیکیدار کو ورک آرڈر جاری کر دیا گیا اور ریوائز سینکشن آرڈر جاری بھی کیا گیا تھا جس کے مطابق ٹھیکیدار کو طے ہونے والی رقم کا بل جاری کرنا تھا جس میں محکمہ کو لاکھوں روپے کی مالی بچت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ ڈائریکٹر کی جانب سے متعلقہ اتھارٹی کی منظوری کے بغیر محکمے کو حاصل ہونے والی لاکھوں روپے کی بچت کا مالی فائدہ ٹھکیدار کو دیکر غبن کی کوشش کی گئی۔ اس کیلئے غیر قانونی طور پر ملی بھگت کرتے ہوئے فرسٹ رنینگ بل جاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ریوائز ٹی ایس 13مارچ 2025کو جاری کی گئی لیکن ڈائریکٹر آپریشن کی جانب سے اضافی رقم کا بل جاری کیا گیا ہے جو کہ غیر قانونی عمل ہے۔ واسا ترجمان کا کہنا تھا کہ اس غیر قانونی عمل پر تحقیقات کی جائیں گی، ثابت ہونے پر محکمہ کو مالی نقصان پہنچانے والے ذمہ دران کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائیگی۔
واسا شعبہ ڈرینج میں لاکھوں کی کرپشن، بچت کے پیسوں کی ذاتی استعمال کی منصوبہ بندی

















