ٹیکس چوروں کے معاون افسروں ،اہلکاروں کا کڑا احتساب کیا جائے، وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہبازشریف نے رواں مالی سال ایف بی آر کے آمدن اہداف کے حصول کی جانب تیزی سے گامزن ہونے پر معاشی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ٹیکس چوری کرنے والے افراد و شعبوں کےخلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے،ٹیکس چوروں کی معاونت کرنےوالے افسروں و اہلکاروں کا بھی کڑا احتساب کیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی ٹیکس کے دائرہ کار بڑھانے اور آمدن میں اضافے پر جائزہ اجلاس ہوا،وزیراعظم نے کہاایسے افراد اور شعبے جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں اور ٹیکس نہیں دیتے، کوٹیکس نیٹ میں لایا جائے،ٹیکس چوری کرنے والے افراد و شعبوں کےخلاف بھرپور کارروائی اورٹیکس چوروں کی معاونت کرنے والے افسروں و اہلکاروں کا بھی کڑا احتساب کیا جائے۔

شہبازشریف نے ہدایت کی ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے،ٹیکس نیٹ میں اضافہ ترجیح ہے، شرح کو کم کرکے عام آدمی پر بوجھ کو کم کرنا چاہتے ہیں،ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو رواں برس جون تک مکمل کیا جائے،تمباکو شعبے میں ٹیکس آمدن کے حصول کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر اقدامات تیز کئے جائیں۔

وزیراعظم نے کہاٹیکس کے زیر التوا مقدمات کی موثر انداز سے پیروی کرکے ملک و قوم کے پیسے کا حصول یقینی بنایا جائے،ملکی معیشت مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے،سب کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔

دریں اثنا دانش سکولز و یونیورسٹی پرجائزہ اجلاس ہوا ،وزیراعظم شہبازشریف نے زیر تعمیر دانش سکولوں اور یونیورسٹی پر کام تیز تر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہااساتذہ کی تعیناتی کا عمل میرٹ پر مبنی و انتہائی شفاف ہونا چاہیے، دانش سکولز ،یونیورسٹی مستحق لائق طلبا کو اعلیٰ معیار کی تعلیم کی فراہمی کیلئے حکومت کے ترجیحی منصوبے ہیں،تمام کلاس رومز میں سمارٹ بورڈ کی تنصیب ،سکولو ں میں مقامی اساتذہ کو ترجیح دی جائے ۔