جارحیت کا جواب دینا جانتے،آپریشن بنیان المرصوص ثبوت ہے، صدر، وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)صدر مملکت آصف زرداری نے بلااشتعال بھارتی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونےوالوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ملکی سلامتی کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پوری قوم پاک فوج ، پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے، ملکی سلامتی و خودمختاری پر ہونےوالے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

آصف زرداری نے کہااپنے شہداءکی قربانیوں پر فخر ہے، قوم ،مسلح افواج بھارتی جارحیت کےخلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے،بہادر افواج نے قوم ، ملکی سالمیت کا کامیابی سے دفاع کیا، آپریشن بنیان مرصوص سے بہادر افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا یا، صدر مملکت نے کہا بھارتی صریح جارحیت نے پوری پاکستانی قوم کو مزید متحد ،مضبوط کردیا ،قوم ،بہادر افواج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔

ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کے شہداءکو خراج عقیدت، ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء،اہل خانہ پر فخر ہے،بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

شہبازشریف نے کہانہ صرف ملک کا بھرپور دفاع کیا بلکہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی،افواج پاکستان کے بہادر افسروں و جوانوں نے وطن کی حفاظت کا اپنی قوم سے کیا ہوا عہد پورا کیا،شہدائے وطن کو بھولے نہ بھولیں گے ،اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،شہداءپیکیج کا اعلان کیا جاچکا، اہل خانہ کی کفالت کی ذمہ داری ریاست بھرپور طور سے انجام دے گی۔

وزیراعظم نے کہا بنیان المرصوص نے بھارت کو واضح کردیا خطے میں موجود دوسرے ممالک کی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا،معرکہ حق میں افواج پاکستان نے بھارت کی عددی برتری کی خوش فہمی اور غرور کو خاک میں ملا دیا،پر امن قوم ہیں مگر کسی بھی جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں،آپریشن بنیان المرصوص واضح ثبوت ہے۔