اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان میں کنونشن میں شرکت کر کے تاریخ رقم کر دی اور ثابت کر دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اوورسیز کنونشن میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف نے مسئلہ کشمیر کو جس طرح اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان کشمیر کی شہ رگ ہے۔ انکے اس اقدام سے پوری دنیا میں کشمیر کے موقف پر پاکستان کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی اور کشمیر کمیونٹی کے دل جیت لئے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین اوورسیز پاکستانی فاونڈیشن حکومت پاکستان اسلام آباد سید قمر رضا نے اپنے بیان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی کنونشن میں آنے والے تمام پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اوورسیز پاکستانی دیار غیر میں پاکستان کے سفیر ہیں۔ اوورسیز کنونشن میں ریکارڈ تعداد میں اوورسیز پاکستانیوں کی شرکت اور حکومت پاکستان اور افواج پاکستان پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ اس موقع پر چیئرمین اوورسیز پاکستانی فاونڈیشن سید قمر رضا نے اوورسیز پاکستانی ممتاز کشمیری رہنما سینئر صحافی خواجہ فاروق کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اوورسیز کنونشن میں سپہ سالار چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے سامنے بڑی دلیری سے مسئلہ کشمیر کا ایشو اجاگر کیا جس پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر پر اپنا موقف واضح طور پر بیان کیا اور کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ہم اپنے کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف اختیار کیا اور کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انکی کنونشن میں بھرپور شرکت پاکستان حکومت پر اعتماد کا اظہار ہے۔ سید قمر رضا نے اس موقع پر مزید کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کی مسلح افواج نے جس جرا¿ت و بہادری کا مظاہرہ کیا اور ہندوستان کی فوج کو منہ توڑ جواب دیا۔ ہماری افواج دنیا کی بہترین افواج ہیں جو پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کسی قسم کی جارحیت نہیں ہونے دینگے۔ امید ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سیز فائر ہونے اور مذکرات کا عمل جو شروع ہوا ہے اس میں کشمیر کا مسئلہ بھی اجاگر ہو گا اور کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت ملے گا اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔
کشمیر پاکستان کی شہ رگ، جلد آزادی کا سورج طلوع ہونے والا ہے: قمر رضا



















