سانحہ 12 مئی قومی تاریخ کا سیاہ دن ،جمہوریت عظیم قربانیوں کے بعد ملی:بلاول بھٹو

کراچی (بیورو رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے سانحہ 12 مئی جمہوریت کےلئے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، سانحہ 12 مئی 2007 کی برسی کے موقع پر شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کراچی کی سڑکوں پر بہایا گیا خون رائیگاں نہیں گیا بلکہ وہ آج ظلم کے خلاف مزاحمت کی ایک توانا علامت بن چکا ہے، سانحہ 12 مئی ہماری قومی تاریخ کا سیاہ دن ہے جس روز انسانی جان کی حرمت پامال اور جمہوری اقدار کو دن دہاڑے روندا گیا، جمہوریت عظیم قربانیوں کے بعد ملی ،کراچی کے عوام، وکلائ، سیاسی کارکنوں اور سول سوسائٹی نے آئین کی سربلندی اور عدلیہ کی آزادی کےلئے جانیں قربان کیں، درجنوں بے گناہ شہریوں کو بے رحمی سے شہید اور سینکڑوں کو زخمی کیا گیا صرف اس لیے کہ وہ جمہوریت، آئین اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے تھے، چیئرمین پیپلزپارٹی نے واضح کیا اگر پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو ہمیں المناک سانحات کو دہرانے سے روکنا ہوگا، پیپلز پارٹی شہداءکے خاندانوں کےساتھ غیر متزلزل یکجہتی کےساتھ کھڑی ہے اور اس جدوجہد کا حصہ رہے گی، ہم سانحہ 12 مئی کے شہدائ کو نہیں بھولے، نہ ہی قوم نے فراموش کیا ہے اور ہماری آنے والی نسلیں بھی المناک دن کے مجرموں کی ہمیشہ مذمت کرتی رہیں گی۔