بجٹ میں پیداواری و تعمیراتی صنعت کو ریلیف دینگے:وزیر اعظم

اسلام آباد، سیالکوٹ (بیورو رپورٹ) آئندہ بجٹ میں صنعتوں کےلئے بڑے ریلیف کی تیاریاں ، وزیراعظم شہباز شریف نے پیداواری صنعت اور تعمیراتی صنعت کےلئے ریلیف کی ہدایت کردی،ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے صنعت کاروں کی تجاویز کی روشنی میں ریلیف کے اقدامات تجویز کیے، وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں پیداواری صنعت کو خام مال میں ریلیف دینے کا امکان ہے،بجٹ میں صنعتوں کے خام مال پر ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کیے جانے امکان ہے، خام مال پر ود ہولڈنگ ٹیکس ختم ہونے سے ٹیکس ری فنڈ کا حجم کم ہوگا، بجٹ میں پراپرٹی کے لین دین پر بھی ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، بجٹ میں پراپرٹی کی خرید و فروخت پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم ہونے کا امکان ہے،آئندہ بجٹ میں آئی ایم ایف کے ساتھ ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے پر بھی خصوصی سیشن ہوگا، وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ریلیف پر آئی ایم ایف کو راضی کیا جائے گا،وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہکی کردش ورکرز پارٹی (پی کے کے) کی تحلیل کا خیر مقدم کیا ہے،وزیراعظم نے کہا تاریخی پیشرفت ترک قیادت کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے، صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترک قوم نے استحکام کی راہ اپنائی ہے،ادھر وزیر اعظم شہباز شریف امیر جمعیت اہل حدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی رہائش گاہ پہنچے اور پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے، جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کہاساجد میر پاکستان کی اہل بصیرت سیاسی شخصیت اور دینی سکالر تھے ،ہمیشہ انتہاءپسندی اور فرقہ واریت کےخلاف آواز اٹھائی، مشکل کی گھڑی میں مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدریاں ساجد میر کے اہل خانہ کےساتھ ہیں،وزیراعظم شہباز شریف سیالکوٹ میں سابق رکن صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے رہنما مرحوم چودھری ارشد وڑائچ کی رہائش گاہ بھی پہنچے،وزیراعظم نے مرحوم کےلئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کےلئے صبر و استقامت کی دعا کی ۔