پاکستان، بھارت جنگ بندی، ٹرمپ کا کشمیر و دیگر مسائل کے حل کیلئے حوصلہ افزاءقدم

واشنگٹن (خواجہ فاروق) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم سفارتی کامیابی کے طور پر بھارت اور پاکستان کے درمیان ”مکمل اور فوری“ جنگ بندی کا اعلان کیا جو امریکہ کی قیادت میں ہونے والے شدید رات بھر جاری مذاکرات کے بعد ممکن ہوئی۔ امریکی ثالثی مذاکرات میں سیکرٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو اور نائب صدر جے ڈی وینس شامل تھے، جنہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے براہ راست بات چیت کی۔ دونوں رہنماوں نے شہری ہلاکتوں کو روکنے اور علاقائی عدم استحکام کو کم کرنے کیلئے دشمنیوں کو ختم کرنے پر اتفاق کیا۔جنگ بندی برطانیہ، سعودی عرب اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی رہنماوں کی جانب سے خوش آئند قرار دی گئی جنہوں نے سفارتکاری اور علاقائی استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔ صدر ٹرمپ کی کامیاب ثالثی جنوبی ایشیا میں امن اور سلامتی کے فروغ میں امریکہ کے اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے۔ انتظامیہ کی تیز اور فیصلہ کن کارروائی کو بین الاقوامی تنازعات کے حل میں موثر قیادت کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔اگرچہ جنگ بندی دیرپا امن کی طرف امید افزا قدم ہے، دونوں ممالک محتاط رہتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں کیونکہ معاہدے کے فوری بعد بھارت نے پاکستان پر خلاف ورزیوں کا الزام لگایا اسکے باوجود، صدر ٹرمپ کی رہنمائی میں ہونیوالی سفارتی پیشرفت دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان مسلسل بات چیت اور مفاہمت کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔