پاک فوج کا بزدل دشمن کو پھر منہ توڑ جواب، اسرائیلی ساختہ29ڈرونز تباہ، 4 فوجیوں سمیت 6 زخمی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ابتک 29اسرائیلی ساختہ بھارتی ہیروپ ڈرون مار گرائے، ڈرونز لاہور،گوجرانوالہ،راولپنڈی،اٹک ،کراچی، ڈہرکی، میانو ،چھور،چکوال، شیخوپورہ، گجرات،سکھر،رحیم یارخان میں گرائے گئے،3پاکستانی شہید،4 فوجی اہلکاروں سمیت6زخمی ہوئے،بھارت نے اپنے ہی پروجیکٹائل امرتسر میں گرائے اور اپنی ہی تنصیبات کو نشانہ بنا کر پاکستان پر الزام لگایا، پاکستان جب حملہ کرے گا تونظر بھی آئیگا، گونج دنیا بھر میں سنی جائےگی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا بھارت کی جانب سے فائر کیے گئے میزائل پر نظر رکھی گئی، انڈیا سے جو بھی چیز آتی ہے ا±س کی مکمل اور کڑی نگرانی کی جاتی ہے، بھارت یہ دعویٰ کررہا ہے ا±س نے گزشتہ روز کے حملے کے جواب میں پاکستان میں 15 مقامات کو نشانہ بنایا ہے، یہ محض ایک کہانی اور جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا ہے، دعوے پر بھارتی حکومت سے سوال کرتا ہو وہ 21ویں صدی میں جی رہے ہیں یا پرانے دور میں رہ رہے ہیں،ترجمان پاک فوج نے کہا بھارت کو اب تھیٹر اور سینما سے نکل کر اصل اور زمینی حقائق کو دیکھنا ہوگا، جو تصاویر پاکستان کے حملے سے جوڑی جارہی ہیں وہ جعلی ہیں، انہیں اصل کرنے کیلئے اطراف میں آگ لگادی جاتی تاکہ حملہ ہی لگتا مگر واضح ہے میزائل لاکر رکھے گئے ہیں،پاکستان بھارت سے آنے والی ہر شے کو مانیٹر کررہا ہے، گرائے جانے والے 29 بھارتی ڈرونز کا معائنہ اور فرانزک کرایا جارہا ہے،ترجمان پا ک فوج نے بھارت کے ایئرڈیفنس سسٹم پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا2 روز قبل آپ اپنی مرضی اور اپنے وقت پر آئے، سارا ایئرڈیفنس لگایا ہوا تھا تو پھر کیسے 5 جہاز گر گئے، پاکستان جب اپنے وقت پر حملہ کرے گا تو ہمیں اور آپ کو بھارتی میڈیا کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ دنیا اس کو نشر کرے گی اور نہ صرف یہ نظر آئے گا بلکہ گونج بھی ہوگی،بھارت نے بہت چھوٹے ڈرونز فائر کیے اور یہ سوچا شاید ایئرڈیفنس میں یہ نظر نہیں آئیں گے تو ہم نے انہیں پک کیا، ہم نے اپنی حکمت عملی کے تحت انہیں انگیج کیا اور پھر بہت احتیاط کے ساتھ انہیں نشانہ بنایا، ہم نے بہت احتیاط کے ساتھ کام لیتے ہوئے 29 ڈرونز کو نشانہ بنایا، صرف ایک ڈرون ایسا تھا جس کے پھٹنے سے 4 جوان زخمی ہوئے اور دفاعی نظام کو معمولی نقصان پہنچا، بھارت اپنی شکست کی ہزیمت چھپانے کیلئے اب الزام تراشی کررہا ہے،بھارتی پنجاب کے کسی شہری علاقے میں کوئی کارروائی نہیں کی،ذمہ دار ملک کے طور پر پاکستان نے ہر ممکن سٹرٹیجک احتیاط کا مظاہرہ کیا،بھارت کی جانب سے فائر کیے جانے والے ڈرونز کے نتیجے میں3 سویلین شہری شہید ہوئے ہیں،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا بھارت پاکستان کیخلاف جارحیت میں مسلسل ناکامی کے بعد اب اپنے ہی شہریوں اور بالخصوص سکھوں کو نشانہ بنانا چاہتا ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر لیفیٹننٹ جنرل احمد شریف چودھری کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا بھارت نے اپنے ڈرونز کے ذریعے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کو نشانہ بنایا تاکہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا جائے،پاکستان کی مسلح افواج نے 5 جنگی طیاروں اور دو یو اے ویز کو گرایا جو انہیں ہضم نہیں ہوا، اس پر بھارت نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کر کے پروپیگنڈا کیا پاکستان نے امرتسر پر حملہ کیا ہے، یہ جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈا ہے جس کو ہم نے مسترد کردیا،نائب وزیراعظم نے کہا ہم نے پہلگام حملے پر بھی بھارت کو تحقیقات کی پیش کش کی اگر بھارت کے پاس اپنے کل کے دعوے کے حوالے سے کوئی شواہد ہیں تو پیش کرے،بھارت نے ایک بے بنیاد کہانی گڑھی کہ پاکستان نے بھارت پر حملہ کیا جس کے جواب میں ڈرونز فائر کیے، الزام انتہائی شرمناک ہے،وزیر خارجہ نے کہا بہادر پاکستانیو کوئی گھبرانے کی ضرورت نہیں ،مسلح افواج ہر گھڑی و دم تیار ہے،اگر انڈیا نے کوئی ایڈونچر کیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا، اللہ کی مدد سے ہم نے 36 گھنٹوں قبل بھرپور جواب دیا اور آئندہ بھی رب کی رحمت سے نصرت ملے گی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا بھارتی ڈرون حملے کے بعد بھارت پر پاکستانی کی جوابی کارروائی یقینی ہوگئی ہے، پاکستان جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا،برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کشیدگی میں کمی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی، پاک بھارت تنازع بند گلی میں داخل ہو رہا ہے،بھارتی ڈرونز سے پاکستانی فوجی تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، بھارتی ڈرونز سے لاہور کےدفاعی نظام کو کوئی نقصان نہیں ہوا، امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کےلئے بین الاقوامی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے،وزیردفاع نے بھارتی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا بھارتی ڈرونز سے لاہور کے دفاعی نظام کو کوئی نقصان نہیں ہوا، وزیر اطلاعات و نشریات عطا ءتارڑ نے کہا پاکستان نے ایل او سی پر بھارت کا پورا بریگیڈ ہیڈکوارٹرز تباہ کردیا، 40 سے 50 بھارتی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں، پاکستان نے29 ڈرونز تباہ کیے ہیں جن میں سے کچھ جام کرکے اور کچھ کو ہٹ کرکے تباہ کیا،قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا دشمن نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا، بھارت جسے رافیل طیاروں پر بڑا ناز تھاپتہ نہیں پاکستان کا کیا کردیں گے مگر جس ارادے سے پاکستان کی طرف دیکھ رہے اس میں ان کو ہزیمت اور شرمندگی ہوئی، اب بھارت نے خفت مٹانے کیلئے حکمت عملی تبدیل کی ہے، دشمن آپ کےخلاف بہترین ٹیکنالوجی لاتا ہے، یہ سمجھتے تھے خدانخواستہ پاکستان کا بہت نقصان کردیں گے مگر افواج پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا ہے، یہ رافیل طیارے نہیں گرے بلکہ بھارت کا غرور اور ناز گرا ہے، پہلی دفعہ چائے پلائی تھی اس دفعہ بھی چائے تیار تھی مگر دشمن بھاگ گیا اس لیے ہوم ڈیلیوری کی ہے، شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں،وزیر اطلاعات نے کہا بھارت کا اپنا ڈرون سکھوں کے گوردوارہ میں گرا ہے، بھارت کا مقصد سکھوں کو پاکستان کےخلاف کرنا ہے، پاکستان نے بھارت کو جواب دیا ہے اور دے بھی رہا ہے، بھارت نے آغاز کردیا ہے اب وقت جگہ اور ٹارگٹ کا تعین ہم کریں گے، قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو کارروائی کا مکمل اختیار دےدیا ہے۔