اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان نے بھارت کو جواب دےکر تاریک رات کو چاندنی رات بنادیا،قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا دشمن ملک بھارت نے ماضی طرح ایک بار پھر رات کے اندھیرے میں پاکستان پر حملہ کرنے کی ناپاک کوشش کی مگر پاکستان فوج نے حملے کا بھرپور جواب دے کر اس تاریک رات کو چاندنی رات بنادیا، بھارتی حملے میں ہماری متعدد شہری شہید ہوئے، بھارتی حملوں میں شہید افراد کی درجات کی بلندی کے لیے ایوان میں دعا کی گئی،وزیراعظم نے کہا 22 اپریل کو ہندوستان کے زیر قبضہ پہلگام میں دہشت گرد حملہ ہوا، 10 منٹ میں واقعہ کی ایف آئی آر درج ہوگئی اور پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کردی گئی، کچھ عرصہ پہلے دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس ٹرین کو ہائی جیک کیا، دہشت گرد حملے کے تانے بانے ہندوستان کےساتھ ملتے تھے، ہمارے پاس ٹرین ہائی جیک کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں،پہلگام واقعے پر بھارت کو بین الاقوامی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کی پیشکش کی، ان حالات میں ہر روز اطلاع ملتی تھی بھارتی جہاز پاکستان پر حملہ آور ہونگے، پاکستان کی 24 کروڑ عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کی مسلح افواج 24 گھنٹے تیار تھی، ہندوستان نے رافیل جہاز خریدے اور اس پر ناز کرتا ہے مگر دشمن کا مقابلہ عقلمندی اور جواں مردی سے کیا جاتا ہے، ہماری ایئر فورس مکمل تیار تھی چنانچہ بھارتی طیارے گرائے، ایئر چیف ظہیر بابر کو پاکستانی قوم کی طرف سے سلام پیش کرتا ہوں، شہباز شریفنے کہا پاکستان پر حملے میں ہندوستان کے 80 جہاز شریک تھے، بھارت نے آزاد کشمیر میں سیالکوٹ کے علاقوں پر حملہ کیا، پاکستان کے عقاب مکمل تیاری میں تھے جوں ہی ہندوستان کے جہازوں نے پے لوڈ گرایا عقاب جھپٹے اور5 جہاز مار گرائے، پاکستان کو بڑی عزت ملی، جو کہتے تھے کنونشن وار فیئر میں پیچھے چھوڑ دیا ہے ان کی عقل ٹھکانے آگئی ہوگی،پانچ جہاز گرائے یہ 10 بھی ہوسکتے تھے مگر شاہینوں نے احتیاط سے کام لیا،دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف کو قطر کے وزیر اعظم و وزیر برائے خارجہ امور عزت مآب محمد بن عبدالرحمن بن جاسم بن جابر الثانی کی ٹیلیفون کال موصول ہوئی،وزیر اعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں پاکستان کےساتھ یکجہتی اور حمایت پر قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے پاکستان میں 6 مقامات پر میزائل حملوں کو بلا اشتعال کارروائی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی، پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر بھارت نے بزدلانہ حملے کیا جس کے نتیجے میں بے گناہ 26 مرد، خواتین اور بچے شہید ہوئے اور چند مساجد کو نقصان پہنچا، بھارت کی جارحانہ کارروائی نے جنوبی ایشیاءمیں امن و استحکام کو نقصان پہنچایا ،شہباز شریف نے کہا جہاں پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، وہیں پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا پوری جانفشانی اور طاقت کے ساتھ دفاع کرے گا، پہلگام واقعے کے بعد انہوں نے بھارت کے الزامات کی غیر جانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی تھی،ہمیں خوشی ہوتی اگر قطر اس کوشش میں شامل ہوتا تاہم، بھارت نے جارحیت کا خطرناک راستہ چنا جس سے اس کے غیر ذمہ دارانہ ریاستی رویے کا اظہار ہوتا ہے جس سے خطے میں امن اور امان کی صورتحال خراب ہوئی،قطر کے وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا، انہوں نے جنوبی ایشیاءمیں قیام امن کےلئے پاکستان کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا قطر خطے میں موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کےلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔
پاکستان نے بھارت کو جواب دےکر تاریک رات کو چاندنی رات بنا دیا: وزیراعظم

















