مچھ میں کالعدم بی ایل اے کا سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ، 7 جوان شہید

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) بلوچستان میں کالعدم تنظیم نام نہادبی ایل اے کے بزدلانہ حملے میں سکیورٹی فورسز کے 7 جوان شہید ،5زخمی ہوگئے،آئی ایس پی آر کے مطابق 6 مئی کو بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں بھارتی ایما پر کام کرنے والی کالعدم تنظیم نام نہاد’ ’بلوچ لبریشن آرمی“ کے دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دیسی ساختہ بم سے نشانہ بنایا، بزدلانہ حملے کے نتیجے میں وطن کے 7 سپوت شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہو گئے، شہدا میں صوبیدار عمر فاروق، نائیک آصف خان، نائیک مشکور، علی سپاہی طارق نواز، سپاہی واجد احمد فیض، سپاہی محمد عاصم، سپاہی محمد کاشف خان شامل ہیں،ترجمان پاک فوج کے مطابق گھناﺅنے اور بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم، بلوچستان میں امن، ترقی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کےلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔