وزیراعلیٰ مریم نواز کا بھارت سے بغیر علاج واپس آنیوالوں کے مفت علاج کا فیصلہ

لاہور ( اپنے رپورٹر سے+ ہیلتھ رپورٹر+ کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھارت سے واپس آنے والے مریضوں کے مفت علاج کی ہدایت کر دی، حالیہ کشیدگی کے بعد ہند وستان سے پاکستانی مریضوں کو علاج ادھورا چھوڑ کر واپس بھیج دیا گیا تھا، ٹرانسپلانٹ اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کا پنجاب میں علاج یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بھارت سے آنےوالے مریضوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایات جاری کردیں،ادھر وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں جرائم میں کمی پر لاہور پولیس کو شاباش دی ہے، مریم نواز سے آئی جی ڈاکٹر عثمان انور ، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ ،ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور، ڈی آئی جی آپریشنزلاہورفیصل کامران اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ کی طرف سے پولیس ٹیم کو ظہرانہ بھی دیا گیا،ملاقات میںمریم نوازنے کرائم ریٹنگ میں کمی پر پولیس کی کاوشوں کو سراہا اورلاہور میں جرائم میں کمی کو خوش آئند قرار دیدیا،وزیراعلیٰ نے کہا ہر شہری کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، شہری امن و امان کے قیام کےلئے پولیس سے تعاون و معاونت کریں،رینکنگ متعارف کرانے سے لاہور سمیت دیگر شہروں میں کرائم کی شرح میں کمی آرہی ہے، کرائم کا گراف نیچے آنا شاندار پولیسنگ کا نتیجہ ہے، لاہورپولیس آپریشن ونگ کی کارکردگی کی بنیاد پر کرائم انڈکس میں لندن اور نیویارک سے محفوظ شہر قرار دیا جانا اہم سنگ میل ہے،کرائم فائٹنگ کی بہتر حکمت عملی کی بدولت لاہور سیف سٹی میں شامل ہوچکا ہے، لائن اینڈ آرڈر کے چیلنجز کے باوجود کرائم میں کمی کا ہدف پورا ہونا بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، مریم نواز نے کہا سی ٹی ڈی کو فعال کردیا گیا ہے، لاہور سمیت ہر شہر کو محفوظ ترین بنائیں گے، ”کے پی آئی“ متعارف کرانے سے پولیس اور انتظامیہ کی پرفارمنس بہتر ہوئی ، جدید ٹیکنالوجی ، فوری فیڈ بیک اور موثر مانیٹرنگ سے پولیسنگ کو بہتر بنایا گیا ،پولیس میں احتساب کے عمل کو یقینی بنایا گیا ہے،مزید بر آں وزیراعلیٰ نے کوٹ مومن میں آٹے کے ڈرم میں دم گھٹنے سے 6 بچیوں ،شورکوٹ کے قریب حادثے میں 5 مسافروں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔