تمام سرکاری اداروں میں شجرکاری کو لازمی قراردیا جا رہا ہے : مریم اورنگزیب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سموگ اور فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے اب طلبا و طالبات بھی مصروف عمل ہیں۔ ہر طالب علم کو انوائرمنٹ ایمبسڈر بنانے کی جانب اقدامات جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی جانب سے پنجاب کے تعلیمی اداروں کو 10 لاکھ سے زائد معیاری پودوں کی مفت فراہمی مکمل ہوچکی ہے جبکہ نصاب میں ماحول کے تحفظ،جنگلات وجنگلی حیات اورنیچرل ایکوسسٹم کی حفاظت اوربحالی کیلئے اسباق رکھے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں شجرکاری کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آگاہی سیشنز اور سیمینارز کا کامیاب انعقادبھی کیا جا رہا ہے۔ ہر ضلع میں شجرکاری کیلئے مقرر کردہ اہداف کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ جاری، کارکردگی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی ماحول دوست پالیسی کے تحت تمام سرکاری اداروں میں شجرکاری کو لازمی قراردیا جا رہا ہے جس کے تحت شجرکاری مہم میں عوامی مقامات، گرین بیلٹس اور اسکول گراو¿نڈز میں ہریالی کا اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرسبز پنجاب صرف خواب نہیں، ہماری پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ شجرکاری میں طلبہ کی شمولیت ماحولیاتی تحفظ کی طرف عملی قدم ہے۔ سکولوں، کالجوں اور جامعات میں رضاکارانہ شجرکاری سرگرمیوں سے طلبہ کا بڑھتا ہوا جذبہ قابل تحسین ہے۔ ماحولیاتی بہتری کیلئے طلبا،اساتذہ،کمیونٹی اور نئی نسل کو شراکت دار بناناہوگا۔ نوجوان نسل درختوں کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کرے، یہ قومی اثاثہ ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پودا لگانا ایک دن کا عمل مگر فائدہ نسلوں تک ہوگالہٰذا والدین اوراساتذہ ہر بچے سے اپنے حصے کاپودا لگواکراسکی دیکھ بھال کی تربیت دیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شجرکاری مہم کو اقوام متحدہ کے اہداف سے ہم آہنگ کرنے کی پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔