امریکی وفد کی ملاقات،حکومت ضم اضلاع کی ترقی کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے،بیرسٹر سیف

پشاور:(بیورورپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات بیرسٹر سیف سے امریکہ کے پولیٹیکل سیکشن کے وزیر اور کمیشن کے قائم مقام ڈپٹی ہیڈ، زیچ ہارکن رائڈر نے ملاقات کی،ملاقات میں پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، امن و امان اور ملکی و صوبائی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

بیرسٹر سیف نے بھارت کے بے بنیاد الزامات اور مودی کے جنگی جنون بارے وفد کو آگاہ کیا،امریکی وفد کو عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کےخلاف جعلی مقدمات سے بھی آگاہ کیاگیا۔

مشیر اطلاعات کے پی نے کہا خیبر پختونخوا حکومت ضم اضلاع کی ترقی کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے، صوبائی حکومت امن و امان، تعلیم کے فروغ اور صحت کی سہولیات پر کثیر بجٹ خرچ کر رہی ہے تاکہ عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے،امریکی وفد نے خیبر پختونخوا حکومت کے اقدامات کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے آخر میں وفد کا شکریہ ادا کیا۔