ترقی پانے والے افسران شہریوں کی بے لوث خدمت کریں: آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر سے) انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے 58 افسران کو رینک لگانے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پروموٹ ہونے والے افسران کو انسپکٹر عہدے کے رینک لگائے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور کے 40، گوجرانوالہ 09، گجرات 07، شیخوپورہ کے 02 افسران کو انسپکٹر عہدے کے رینک لگائے گئے۔ پروموٹ ہونے والے افسران کے والدین، بچوں اور اہلخانہ نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ترقی پانے والے انسپکٹرز اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ آئی جی پنجاب کہا کہ موجودہ سرحدی صورتحال کے پیش نظر پنجاب پولیس سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ انتہائی الرٹ ہے۔ بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں پر تعینات جوان دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں۔ رواں سال 5 ہزار پروموشنز کا ہدف ہے۔ افسران و اہلکار اپنی اے سی آرز، سروس ریکارڈ مکمل رکھیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن، بد اخلاقی پر زیرو ٹالرنس ہے اور بہترین رویوں کے ساتھ شہریوں کی خدمت کریں۔پروموشنز اور ویلفیئر کے جواب میں شہریوں کی بے لوث خدمت اور بے خوف حفاظت کریں۔ دریں اثناءعالمی یوم مزدور کے موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر کے محنت کشوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم مئی پر محنت کشوں کی حفاظت اور حقوق کے تحفظ کا عزم دہراتے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت محنت کش طبقہ کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ محنت کشوں، گھریلو ملازمین کے استحصال اور تشدد پر زیرو ٹالرنس ہے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر سے چائلڈ لیبر و جبری مشقت کے خاتمہ کے لئے متعلقہ اداروں کو بھرپور تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی، معاشی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں مزدور طبقہ کے کردار کو سراہتے ہیں۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ ریلیوں سمیت تمام پروگرامز کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی۔