لاہور (انوسٹی گیشن سیل/ میاں ذیشان سے) روزنامہ مشرق کی خبر پر ایکشن، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن لاہور سید موسیٰ رضا نے پنجاب لوکل گورنمنٹ سروس رولز کے قواعد و ضوابط کے خلاف تعیناتیوں کے احکامات واپس لے لئے ہیں، تمام میٹروپولیٹن افسران حلف نامہ جمع کرائیں کہ آج کی تاریخ میں کوئی بھی مقامی ملازم کسی اضافی یا نگرانی کی پوسٹ پر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور میں تعینات نہیں ہے۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کے فیصلے کی مکمل تعمیل کو یقینی بنائیں اور ہدایات پر سختی سے پیروی کی جائے، کسی بھی قسم کی کوتاہی یا انحراف ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ڈائریکٹر انڈمنسٹریشن و انکوائریز نے مراسلہ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن و انکوائریز میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی جانب سے مراسلہ جاری کیا گیا ہے کہ محکمہ بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ حکومت پنجاب کے سیکرٹری کی جانب سے مورخہ 24-03-2025 کے لیٹر نمبر LGS(Engg)-Misc(2)/2025 کی ہدایات کی تعمیل میں پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ لاہور کے سیکرٹری اور دیگر تمام ہدایات کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور میں ایل جی ایس افسران/اہلکاران ایم سی ایل / سابقہ زیڈ سی ایل کیڈر کیلئے تمام شعبہ جات انجینئرنگ، سروسز، پلاننگ، فنانس اور ایڈمنسٹریشن میں اضافی یا نگرانی کی ذمہ داری کے حوالے سے آرڈر نمبر 416-MO(I)/MCl مورخہ 03-01-2025، ا?رڈر نمبر 417-MO(I)/MCl مورخہ 03-01-2025، ا?رڈر نمبر Dir(Admin)-SG-MCL/249 مورخہ 01-06-2022، ا?رڈر نمبر Dir(Admin)-SG-MCL/153 مورخہ 21-02-2022 کے تحت کی گئی تعیناتی کے احکامات منسوخ کئے جاتے ہیں۔ تمام میٹروپولیٹن افسران میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ مذکورہ بالا لیٹر میں درج ہدایات کی سختی سے پیروی کریں اور پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کے مورخہ 17-02-2021 کو جاری ہونیوالے فیصلے کی مکمل تعمیل کو یقینی بنائیں، ان ہدایات سے کسی بھی قسم کی کوتاہی یا انحراف ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔روزنامہ مشرق نے مورخہ 21 اپریل 2025 کو نشاندہی کی تھی کہ پنجاب گورنمنٹ پالیسیوں اور پنجاب لوکل گورنمنٹ سروس رولز 2018 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے شعبہ جات انفراسٹرکچر اور سروسز ونگ میں لوکل کونسل ملازمین کو غیر قانونی طور پر لوکل گورنمنٹ سروس کی مختص شدہ سیٹوں پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن لاہور کے مختلف شعبہ جات میں قواعد و ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے کلیم اللہ اسسٹنٹ زونل آفیسر (انفراسٹرکچر) نشتر زون، فیاض نظامی اسسٹنٹ زونل آفیسر (انفراسٹرکچر) ہیڈ کوارٹر، محمد وقاص اسسٹنٹ زونل آفیسر (انفراسٹرکچر) راوی زون، نوید ارشد سب انجینئر نشتر زون، حسنات گیلانی سب انجینئر نشتر زون، عابد علی سب انجینئر نشتر زون، عامر سب انجینئر شالیمار زون کو میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے انفراسٹرکچر اینڈ سروسز ونگ میں غیر قانونی طور پر تعینات یا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر تقرریوں کو یقینی بنانے، انتظامی کارکردگی کو برقرار رکھنے، اور مقامی حکومت کے ڈھانچے میں شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے لیا گیا ہے، اس پالیسی سے کوئی بھی انحراف غیر قانونی ہے۔ مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر کی گئی مقامی تقرریوں سے سروس سٹرکچر پر عملدرآمد میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے، فنکشنل کارکردگی میں خلل پڑتا ہے۔ جس کے بعد ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن لاہور سید موسیٰ رضا کے احکامات پر مذکورہ بالا تمام مقامی ملازمین کی تعیناتیوں کے سابقہ احکامات کو منسوخ کرتے ہوئے تمام غیر قانونی تعیناتیوں کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔
پنجاب لوکل گورنمنٹ سروس رولز قواعد و ضوابط کیخلاف تعیناتیوں کے احکامات واپس

















