جارحیت کامنہ توڑ جواب،دشمن کے مورچے تباہ،فضائیہ نے طیاروں کو بھگادیا

سرینگر،راولپنڈی،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)بھارت کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کا منہ توڑ جواب، دشمن کے کئی مورچے تباہ کردئیے۔

بھارتی فوج نے 29 ، 30 اپریل کی درمیانی شب لائن آف کنٹرول پر کیانی ، منڈل سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کے دوران چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا ،پاک فوج کے بھرپور اور موثر جواب سے دشمن خاموش ہو گیا، جوابی کارروائی میں دشمن کے کئی مورچے ،چکپترا پوسٹ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع نے کہا بھارت کی اشتعال انگیزی جنگی جنون کی عکاس ہے،پاک فوج ملکی سالمیت کے تحفظ کےلئے مکمل طور پر الرٹ و تیار ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔

قبل ازیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی فضائی حدود میں پٹرولنگ کرتے بھارتی رافیل طیارے پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی و تیز رفتاری کے خوف سے ہی فرار ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 29 ، 30 اپریل کی درمیانی شب حساس اور کشیدہ لمحہ تب پیدا ہوا جب بھارتی فضائیہ کے 4 رافیل جنگی طیاروں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی فضائی حدود میں پٹرولنگ کی تاہم اپنی جغرافیائی حدود کے اندر ہی رہے جیسے ہی بھارتی رافیل طیارے فضا میں متحرک ہوئے پاکستان ایئر فورس نے فوری نشاندہی کر لی اور بروقت ردعمل دیتے ہوئے اپنی فضائی نگرانی کو فعال کر دیا، پاکستانی طیاروں کی تیز و مو¿ثر کارروائی نے بھارتی طیاروں کو ہکا بکا کر دیا اور وہ بوکھلاہٹ میں اپنی فضائی حدود کے اندر واپس پلٹنے پر مجبور ہو گئے۔

حکام نے کہاپاکستان کی فضائیہ نے نہ صرف دشمن کی ہر حرکت پر کڑی نظر رکھی بلکہ فوری حکمت عملی کے تحت اپنی فضائی برتری کا مظاہرہ بھی کیا۔

دریں اثنا ایل اوسی پرجاری کشیدگی پر پاک بھارت ڈی جی ایم اوزکی ہاٹ لائن پربات چیت ہوئی،غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستان ، بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کا رابطہ ہوا ،دونوں فوجی افسروں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر بات کی۔