ایران کی پاکستان، بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے ثالثی کی پیشکش

تہران (مشرق نیوز) ایران نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان اور بھارت میں ثالثی کیلئے تیار ہے، دونوں ممالک ایران کے پڑوسی اور ثقافتی، تہذیبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاکستان اور بھارت کے درمیان افہام و تفہیم کیلئے ہر ممکن کوشش کیلئے تیار ہیں۔ اس سے قبل پاکستانی نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کیلئے کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔

اسحاق ڈار نے ایران کے تعمیری اور ذمہ دارانہ رویے کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کا خواہشمند ہے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے رابطے کئے ہیں۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران علاقائی صورتحال اور کشیدگی میں کمی اور استحکام لانے کے اقدامات پر گفتگو کی۔ سعودی وزیر خارجہ نے بھارتی ہم منصب جے شنکر سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی، سعودی اور بھارتی وزرائے خارجہ کی گفتگو محاذ آرائی میں کمی پر مرکوز رہی۔