حملہ سکیورٹی ناکامی،بھارت کے اندر سے ہی مودی حکومت کےخلاف آوازیں مزید بلند


نئی دہلی،کرناٹکا:(مشرق نیوز)بھارت کے اندر سے ہی مودی حکومت کےخلاف آوازیں مزید بلند ،بھارتی ریاست کرناٹکا کے وزیراعلیٰ سدارامیا نے پہلگام میں ہونےوالے حملے کو سکیورٹی ناکامی قرار دےدیا۔

وزیراعلیٰ سدارامیا نے کہاپاکستان کےساتھ جنگ کی کوئی ضرورت نہیں، پہلگام واقعہ سکیورٹی ناکامی ہے، جنگ کے حق میں نہیں ،پاکستانیوں کی واپسی کے اقدامات کیے جائیں گے۔

ادھر مودی حکومت کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس نے حکومتی موقف کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے الٹا سوالات پوچھے بتایا جائے سکیورٹی کیوں ناکام ہوئی؟ وزیر داخلہ امیت شاہ کب استعفیٰ دیں گے؟ کیا وزیراعظم نریندر مودی ذمہ داری قبول کریں گے؟۔

دریں اثنا عام آدمی پارٹی کے رہنما نے بھارتی حکومت کے فیصلوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تمام صورتحال کا نقصان صرف بھارت کو ہو رہا ہے،بتایا جائے لائن آف کنٹرول کے علاقے سے 200 کلو میٹر اندر سخت سکیورٹی کے باوجود مسلح افراد کیسے داخل ہوئے، کارروائی کی اور پھر کیسے غائب ہو گئے؟ ،بی جے پی حکومت کو بھارتی عوام کےساتھ مذاق بند کرنا ہوگااب مودی حکومت صرف دکھاوے سے کام نہیں چلا سکتی بلکہ عوام کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا۔

علاوہ ازیں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی ایس پی) کے سربراہ شرد پوار نے مودی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا پاکستان خاموش نہیں بیٹھے گا اور ہر اقدام کا بھرپور جواب دے گا،کوئی بھی فیصلہ لے سکتے ہیں لیکن پاکستان بھی ردعمل دے گا۔

دوسری جانب بھارتی انٹیلی جنس کی ناکامی پر عوام اور حکومتی اہلکار سیخ پا ہو گئے،صحافی راہول پنڈیتا نے کہا پہلگام حملہ کہیں نہ کہیں بھارتی فوج کی انٹیلی جنس ناکامی ہے،سابق حکومتی اہلکار رادھا کمار نے کہا سی آر پی ایف کی پوسٹ کو الرٹ جاری ہونے کے باوجود ہٹا دیا گیا ،ایک کوتاہی کے بعد مزید کوتاہیاں برتی گئیں جیسے پلوامہ میں ہوا۔

کرنل (ریٹائرڈ) اجے شکلا نے کہا دہشتگردی کو ختم کرنے کے جھوٹے بیانیے نے بیشتر لوگوں کی جانیں لے لیں، بھارتی وزیر داخلہ کا شمار سب سے زیادہ غیر ذمہ دار لوگوں میں ہوتا ہے،جنرل (ریٹائرڈ) وی پی ملک نے کہا میرا سوال ہے بھارتی انٹیلی جنس کو کیا ہو ا اور ناکامی کیوں ۔