پہلگام واقعہ،بھارت کو تحقیقات میں تعاون کی پیشکش مہم جوئی کامنہ توڑ جواب دیں گے:وزیراعظم

کاکول: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعہ کی تحقیقات کیلئے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہاہے امن خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،مہم جوئی کا بھرپور جواب دینگے،کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور بین الاقوامی تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، پہلگام واقعہ پر بغیر ثبوت الزام تراشی کی گئی، پانی لائف لائن ہے ،کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آوٹ پریڈ کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہامسلح افواج تنظیم، اتحاد ، قومی مفاد کی تکمیل و عزم کا نشان اوراپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے ایک نام رکھتی ہیں،پاکستان عالمی امن کے قیام کےلئے ذے داریوں سے مکمل آگاہ ہے، اقوام متحدہ چارٹر کے مطابق ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں گے،کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینا ہوگا،دہشتگردی کےخلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا ،ناسور کے خاتمے کےلئے پاکستان سے زیادہ کسی کی قربانیاں نہیں۔

وزیراعظم نے کہا ہمسایہ ملک کی طرف سے بغیر ثبوت الزام تراشی کی گئی، پہلگام واقعہ الزام تراشی کے جاری سلسلے کی ایک اور مثال ہے، فوری طور پر بند ہونا چاہیے، پاکستان کسی بھی غیرجانبدار، شفاف اور معتبر تحقیقات میں حصہ لینے کےلئے تیار ہے،پانی لائف لائن ہے، کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، پاکستان اپنی سلامتی و خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا، کوئی مہم جوئی ہوئی تو فروری 2019 کی طرح منہ توڑ جواب دینگے، پاکستان کا پانی روکنے کی ہر کوشش کا قومی طاقت سے جواب دیاجائےگا،وطن عزیز کی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے، قومی وقار ، مفاد کےخلاف ہر مہم جوئی کا مقابلہ کرینگے۔

شہباز شریف نے کہا معاشی استحکام کےلئے کوششیں ہو رہی ہیں، سرمایہ کاری میں اضافے و اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز ہے، نائب وزیراعظم نے کابل کا دورہ کیا، افغانستان کےساتھ پرامن ،مستحکم تعلقات چاہتے ہیں، افغان حکومت فتنہ الخوارج کے ہاتھوں اپنی سرزمین کا استعمال روکے،حملے برداشت نہیں کیے جاسکتے،پاکستان ذمے دار ریاست ہے اور کسی بھی طرح کے دباو¿ ،دھمکیوں کو ہرگز قبول نہیں کرے گا، مسلح افواج ہمہ وقت چوکس اور کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کےلئے مکمل طور پر تیار ہیں، 25 کروڑ عوام فوج کےساتھ کھڑے ہیں اور پوری قوم ایک صف میں متحد ہے۔

وزیراعظم نے کہا فلسطین میں ا سرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں،عالمی طاقتیںغزہ میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائیں، قائداعظم نے فرمایا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، عالمی تنازع کئی دہائیوں سے حل ہونے کا منتظر ہے، کشمیریوں نے لاکھوں جانوں نچھاور کیں تاکہ آزاد فضا میں سانس لے سکیں، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

قبل ازیں شہبازشریف نے پاس آوٹ ہونے والے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک کا حصہ بن رہے ہیں جس کا نظم و ضبط دنیا میں اپنی مثال آپ ہے، مسلح افواج بانی پاکستان کے رہنما اصولوں کے مطابق کام کرتی ہے،معاشی میدان میں بحالی کے بعد پاکستان اب بھرپور چیلنجز کے باوجود آگے بڑھنے کی راہ پر گامزن ہے، کان کنی، معدنیات، دفاعی پیداوار اور کئی شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری حاصل کر رہے ہیں۔