شہباز،بلاول ملاقات،سندھ کاموقف تسلیم،وفاق نے نہروں کا منصوبہ روکدیا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)شہباز،بلاول ملاقات میں بڑا بریک تھرو،سندھ کاموقف تسلیم،وزیراعظم نے متنازع نہروں کا منصوبہ روکدیا۔

وزیراعظم سے ملاقات کےلئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی کا وفد وزیراعظم آفس پہنچا، وفد میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، راجہ پرویز اشرف، ہمایوں خان، ندیم افضل چن، شازیہ مری، جام خان شورو ، جمیل احمد سومرو شامل تھے۔

بلاول بھٹو کی قیادت میں وفد نے نئی نہروں کے معاملے پر سندھ حکومت کے تحفظات سے آگاہ کیا ،ذرائع کے مطابق وفاق نے سندھ کاموقف تسلیم کرتے ہوئے دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنے کا منصوبہ روکدیا۔

دریں اثنا اعلامیے کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل میں اتفاق رائے کے بغیر کوئی نئی نہر نہیں نکالی جائے گی ،وفاقی حکومت تمام صوبوں میں اتفاق رائے کے بغیر منصوبے پر پیشرفت نہیں کرے گی،زرعی پالیسی کی تشکیل ،واٹر مینجمنٹ انفراسٹر کچر پرطویل مدتی اتفاق رائے قائم کیا جائےگا،صوبوں کے تحفظات دور کرنے اور غذائی تحفظ یقینی بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیاگیا،کمیٹی میںوفاقی حکومت ،تمام صوبوں کی نمائندگی ہوگی ،کمیٹی طویل مدتی زرعی ضروریات اور پانی کے استعمال پر حل تجویز کرے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیاوفاقی حکومت نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 2 مئی کو بلا لیا،پیپلز پارٹی ،ن لیگ کے نمائندے ملاقات کے درمیان ہونے والے فیصلوں کی توثیق کریں گے۔

بعدازاں وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کےساتھ پریس کانفرنس میںنئی نہروں کی تعمیر پر کام روکنے کا اعلان کرتے ہوئے کہانئی نہروں کی تعمیر کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھایا جائے گا ،صوبوں کے درمیان اتفاق رائے کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا ،مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 2 مئی کو ہوگا،نہروں کے معاملے پر سنجیدگی کےساتھ تبادلہ خیال کیا،پاکستان فیڈریشن ہے ،اور تقاضے ہیں صوبوں کے معاملات باہمی مشاورت ، نیک نیتی کےساتھ طے کریں۔

شہبازشریف نے کہاکالا باغ ڈیم معاشی طور پر ملک کے بہترین مفاد میں ہے مگر سندھ کے اعتراضات وفاق کےلئے زیادہ اہم ہیں اور یہی پاکستان کا بہترین مفاد ہے،وفاق سے متصادم معاملات سے گریز کریں گے،نہروں کے تنازع کو باہمی رضامندی سے حل کرنا چاہیے، ن لیگ ، پی پی کے درمیان ہونےوالی میٹنگ میں باہمی رضامندی سے فیصلے کیے گئے،بلاول بھٹو کاشکرگزار ہوں،بھارت کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے کہامشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں باہمی رضامندی سے فیصلہ ہونے تک نئی نہریں نہیں بنیں گی ،مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 2 مئی کو ہوگا، پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن کی جانب سے وفاقی حکومت کے فیصلوں کی تائید کی جائے گی،صوبوں کے درمیان معاملات بات چیت سے طے کیے جاتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہاوزیر اعظم نے شکایات کو سنا ، پیپلزپارٹی،سندھ کے اصولی موقف ،مطالبات کو تسلیم کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں،اتفاق ہوا باہمی رضا مندی کے بغیر کوئی نہر نہیں بنے گی،شہباز شریف نے احتجاج کی شدت کو کم کردیا،مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میںفیصلوں کی توثیق کی جائے گی،چیئرمین پی پی نے کہابھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت دیگراقدامات پر حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،معاملے پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔