لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے لاہور گیریژن یونیورسٹی میں منعقدہ پانچویں انٹرنیشنل کانفرنس مینجمنٹ سائنسز کی اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی وقت کی اہم ضرورت ہے، ہمیں اپنی کامیابی کا ایجنڈا طے کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے اے آئی کو زندگی میں شامل نہ کیا تو دنیا سے پیچھے رہ جائیں گے۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کہ ہم نے اپنے ملک میں اے آئی کو کیسے لانا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حالیہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ انسانوں نے ہمیشہ ایسی ٹیکنالوجی بنائی جسے بعد میں کنٹرول نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ماضی اپنی ایجادات کے باعث برباد ہوا۔سپیکر ملک احمد خان نے قانون سازی کے عمل میں ٹیکنالوجی کی شمولیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معزز ممبران اسمبلی جو قانون سازی کرتے ہیں، وہ اے آئی ٹیکنولوجی سے نا آشنا ہیں، ہمیں اے آئی کے متعلق شعور پیدا کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی کے متعلق پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور واضح کیا کہ آپ مشین کو لیڈر شپ کردار ادا کرنے کا حق نہیں دے سکتے۔ سپیکر ملک احمد خان نے زور دیا کہ حکومت، سیاسی جماعتیں، ادارے، عدلیہ اور عسکری بازو سب کی توجہ دیہاتوں کی طرف ہونی چاہیے۔دیہات کی کسمپرسی کا احساس ہے اور میں موجودہ حکومت کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ترقیاتی کاموں کا رخ دیہات کی طرف موڑدیا ہے۔ نوجوانوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کی آبادی ہیں لیکن پالیسی بنانے والا کوئی نہیں۔اگر تعلیم کا بجٹ دس سے تین فیصد رہ گیا ہے تو اسے کم از کم پانچ فیصد کرنا ہوگا۔ سپیکر ملک احمد خان نے نوجوانوں کی تربیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ ہمارے طلبہ کے ہاتھوں میں پیٹرول بم یا لاٹھی ہو، ساٹھ فیصد نوجوان جو سمارٹ فون استعمال کرتے ہیں، وہ پڑھے لکھے ہیں اور اے آئی پر مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر ان نوجوانوں کو اے آئی کی طرف لے جائیں تو ایجادات اور پلاننگ نوجوانوں کے ہاتھ میں آ جائے گی۔حکومت اور پالیسی بنانے والوں کو اے آئی کے متعلق جاگنا ہوگا اور اپیل کی کہ آئیں، مل کر سر جوڑ کر بیٹھتے ہیں، ہمیں اے آئی کے متعلق قانون سازی اور فریم ورک بنانا ہوگا۔سماجی رویوں پر بات کرتے ہوئے سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ میں کسی فتویٰ سے ڈرے بغیر کم عمر بچیوں کی شادیوں کا شدید ترین مخالف ہوں۔ دوران خطاب سپیکر ملک احمد خان نے یونیورسٹی کے طلبہ کو پنجاب اسمبلی کے دورے کی دعو ت بھی دی۔ اس موقع پر وائس چانسلر گیریژن یونیورسٹی نے کہا کہ ہم نے جدید ٹیکنالوجی کو مختلف ادوار میں بدلتے دیکھا ہے۔ انہوں نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمارے طلبہ میں ایجادات کی کمی ہوگئی ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
اے آئی ٹیکنالوجی وقت کی ضرورت، زندگی میں شامل نہ کیا تو دنیا سے پیچھے رہ جائیں گے: سپیکر پنجاب اسمبلی



















