اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) ججز کا تبادلہ آئین کے مطابق، نیا حلف لینا ضروری نہیں، تمام درخواستیں خارج کی جائیں،وفاقی حکومت نے سنیارٹی کیس میں جواب جمع کرا دیا۔
سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیاججز کا تبادلہ آئین کے مطابق کیا گیا ،نیا حلف لینا ضروری نہیں، آرٹیکل 200 کے تحت تبادلے کا مطلب نئی تعیناتی نہیں ہوتا، ججز کا تبادلہ عارضی ہونے کی دلیل قابل قبول نہیں،آئین میں کہیں نہیں لکھا ججز کا تبادلہ عارضی ہوگا، ججز کے تبادلے سے عدلیہ میں شفافیت آئے گی نہ کہ عدالتی آزادی متاثر ہوگی۔
جواب میں کہا گیاجوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں 2 ججز تعینات کئے، 3آسامیاں چھوڑ دیں، وزارت قانون نے 28 جنوری کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز تبادلے کی سمری بھیجی، ججز تبادلے کےلئے صدر کا اختیار محدود جبکہ اصل اختیار چیف جسٹس کا ہے، ججز تبادلے میں متعلقہ جج ،ہائی کورٹس کے چیف جسٹس اصل بااختیار ہیں۔
وفاقی حکومت نے کہاایک مرتبہ جج ہائیکورٹ سے ٹرانسفر ہو کر دوسری ہائیکورٹ جائے تو نئے حلف کی ضرورت نہیں۔آرٹیکل 200 کی ذیلی ایک کے تحت جج کے تبادلے کا صدر مملکت کا اختیار بہت محدود ہے، اصل اختیار چیف جسٹس ، متعلقہ ہائی کورٹس کے 2 چیف جسٹس صاحبان اور ٹرانسفر ہونے والے جج کے پاس ہے۔ تبادلے سے قبل چیف جسٹس ، دونوں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس اور ٹرانسفر ہونے والے جج کی رضامندی ضروری ہے۔
جواب میں مزید کہا گیا اسلام آباد ہائیکورٹ وفاق کی نمائندہ عدالت ہے،جسٹس ارباب طاہر کا تعلق بلوچستان، جسٹس ثمن امتیاز رفعت کا تعلق شہری سندھ، سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کا تعلق پنجاب سے تھا،سندھ، بلوچستان اور پنجاب سے ججز کا تبادلہ فیڈرل ازم کی روح کے مطابق ہے،تمام ہائیکورٹس کے ججز کے تبادلے کا حلف ایک جیسا ہے،درخواستیں خارج کی جائیں۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ بار نے ججز ٹرانسفر کےخلاف آئینی درخواست واپس لینے کا فیصلہ کر لیا، بار نے آئینی پٹیشن واپس لینے کیلئے اتھارٹی لیٹر جاری کرتے ہوئے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ انیس شہزاد کو آئینی درخواست واپس لینے کا اختیار دیدیا، بار کے صدر واجد گیلانی اور سیکرٹری منظور ججہ کے دستخط سے اتھارٹی لیٹر جاری کیا گیا۔
ججز کا تبادلہ آئین کے مطابق ،نیا حلف ضروری نہیں،وفاق کا جواب جمع

















