کلبھوشن ہو یا کسی اور ملک کا شہری قونصل رسائی تو سب کیلئے ہے،آئینی بنچ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سویلینز کا ملٹری ٹرائل کالعدم قرار دینے کیخلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران آئینی بنچ نے ریمارکس دئیے کہا ویانا کنونشن کے مطابق کلبھوشن کے معاملے میں بھارت سینڈنگ سٹیٹ ہے،قانون لا آف لینڈ بن چکا کوئی بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے، کلبھوشن ہو یا کسی اور ملک کا شہری قونصل رسائی تو سب کیلئے ہے۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے سماعت کی،بھارتی جاسوس کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے کے قانون کا بھی تذکرہ ہوا، خواجہ حارث نے دلائل میں کہا ویانا کنونشن میں آرٹیکل 36 کا تعلق غیرملکی شہریوں سے ہے،کلبھوشن کو ویانا کنونشن کے تحت قونصل رسائی دی گئی،اپیل کا حق دینا نہیں کہہ سکتے،جسٹس علی مظہر نے کہا ویانا کنونشن کے مطابق کلبھوشن کے معاملے میں بھارت سینڈنگ سٹیٹ ہے ، قانون لا آف لینڈ بن چکا کوئی بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے، کلبھوشن ہو یا کسی اور ملک کا شہری قونصل رسائی تو سب کیلئے ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس وقار سیٹھ نے ایک فیصلہ دیا،سخت رد عمل آیا مگر بعد میں عالمی عدالت انصاف میں اسی فیصلے کو اپنے حق میں پیش کیا گیا۔

خواجہ حارث نے کہا ملٹری ٹرائل میں چارج فریم کرنے کا پورا طریقہ کار ہے، ملزم کو دفاع کا مکمل موقع فراہم کیا جاتا ہے، ملزم کو نام دیئے جاتے ہیں کون سے افسر ٹرائل کریں گے، ملزم کسی افسر پر اعتراض کرنے کا بھی حق رکھتا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا آپ نے شفاف ٹرائل ہی نہیں ، قانونی طریقہ کار پر بھی مطمئن کرنا ہے، فوجی عدالتوں کے ٹرائل کا سویلین عدالتوں سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا، میرا سوال ہے کیا وضو کے بغیر خشوع و خضوع سے نماز ہوسکتی ہے ؟،عدالت نے مزید سماعت ملتوی کردی۔