اسلام آباد:(بیورورپورٹ)عدالت نے 4 لاپتہ افغان بھائیوں کو 2 ہفتوں میں بازیاب کرانے کا حکم دےدیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس آصف نے بازیابی درخواست پر سماعت کی ،عدالت نے لاپتہ بیٹوں کی افغان والدہ گل سیماکوروسٹرم پر بلاکرپشتو میں بات کی اور پھر ترجمہ کرکے سب کو بتایا،جسٹس آصف نے کہا لاپتہ بھائیوں کی والدہ کہہ رہی ہیں اگست سے ہائیکورٹ آرہی ہوں اگر بیٹے مرگئے ہیں توبتا دیں،ڈی آئی جی اسلام آباد نے افغان خاتون کے بیٹوں کی بازیابی کےلئے عدالت سے مزید مہلت مانگ لی ،درخواست گزار نے کہا 8 ماہ سے توکیس ہائیکورٹ میں چل رہاہے، رپورٹس آرہی ہیں بندہ نہیں ملا۔
عدالت نے سوال کیا آئی جی صاحب کو بلایا تھا وہ نہیں آئے ؟ سرکاری وکیل نے جواب دیا کیس کا وقت 11 بجے تھا اس لیے آئی جی ابھی نہیں آئے، ڈی آئی جی، آرپی او ودیگرافسر موجودہیں، دوبارہ رپورٹ جمع کرانے کےلئے وقت دے دیں،جسٹس آصف نے کہا آپ کو کتنا ٹائم چاہیے ؟ وقت دینے کا کوئی فائدہ نہیں،بندے چاہئیں، 2 ہفتوں کا وقت دے رہے ہیں نتائج سے آگاہ کریں،بعد ازاں عدالت نے اسلام آباد اور پنجاب پولیس کو بازیابی کےلئے 2 ہفتوں کا وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
4 لاپتہ افغان بھائیوں کو2 ہفتوں میں بازیاب کرانے کاحکم

















