پٹرولیم قیمتوں پربڑا فیصلہ،پیسے سے قوم کے زخموں پرمرہم رکھیں گے،شہباز

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے پٹرولیم قیمتوں میں کمی کافائدہ عوام کو منتقل نہ کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا پیسے سے قوم کے زخموں پرمرہم رکھیں گے،پیسہ بلوچستان کے عوام کی نذرکر رہے ہیں،بڑی سوچ و بچار کے بعد طے کیارقم سے کراچی، قلات، خضدار، کوئٹہ اور چمن کے سنگل روڈ تعمیر،کچھی کینال ،کوئٹہ کراچی ایم 25 بنائیں گے،سکھر تا حیدرآباد موٹروے جدید طرز پربنے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاصدر مملکت خیریت سے ہیں ، گھر چلے گئے ،ایرانی صوبے سیستان میں 8 بے گناہ پاکستانیوں کو شہید کیا گیاجتنی مذمت کی جائے کم ہے، معاملے پر ایرانی وزیرخارجہ سے بات ہوئی ،امید کی جانی چاہیے ایران قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے گا۔

وزیراعظم نے کہابجلی قیمتوں میں ساڑھے 7روپے کی ریکارڈ کمی کی گئی، معیشت کو فائدہ پہنچے گا، سب نے ملکر قوم کو عید کا تحفہ دیا،پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کریں گے،پیسوں سے قوم کے زخموں پرمرہم رکھیں گے، کراچی، قلات، خضدار، کوئٹہ اور چمن کے سنگل روڈ تعمیر،کچھی کینال ،کوئٹہ کراچی ایم 25 بنائیں گے، شہباز شریف نے کہا میرا ایمان ہے چاروں صوبے 4 بھائیوں کی طرح ہیں اگر ایک روٹی ہے تو چاروں بھائی 4حصے کرکے کھائیں گے ،رقم بڑھنے کےساتھ صوبوں کا حصہ بھی بڑھے گا،بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑاصوبہ ہے، بلوچستان میں فاصلے بہت زیادہ ہیں، بجٹ بھی زیادہ لگے گا، ہزاروں ٹیوب ویل شمسی توانائی سے چلیں گے، خونی سڑک کوخوشحالی کی سڑک بنائیں گے۔

وزیراعظم نے کہاسڑک کی تعمیر کا تخمینہ 300 ارب ہے، میں اورسرفرازبگٹی خود کھڑے ہو کر سڑک بنوائیں گے، کچی کینال کامنصوبہ بھی مکمل کیاجائےگا۔