پاک ،امریکہ آئی ٹی تعاون معاہدہ،واشنگٹن کےساتھ دیرینہ شراکت داری مستحکم کریں گے،آرمی چیف

راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے وفد کی ملاقات،آئی ٹی میں تربیتی تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جیک برگمین،تھامس سوزی اور جوناتھن جیکسن پر مشتمل امریکی اراکین کانگریس کے وفد نے جی ایچ کیو میںآرمی چیف سے ملاقات کی، باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ، علاقائی سلامتی و دفاعی تعاون پر زور دیا گیا،دونوں فریقین نے باہمی احترام، مشترکہ اقدار ،سٹریٹجک مفادات کی بنیاد پر مسلسل رابطے کی اہمیت کو دہرایا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق امریکی اراکین کانگریس نے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاک فوج کے کلیدی کردار کو سراہا ،علاقائی امن و استحکام کےلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف،پاکستانی قوم کی ثابت قدمی اور سٹریٹجک پوٹینشل کی تعریف کی۔

امریکی وفد نے پاکستان کی خودمختاری کےلئے اپنے احترام کا اظہار کرتے ہوئے سکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری ، معاشی ترقی کے شعبوں میں وسیع البنیاد دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دورہ کرنے پر وفد کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاپاکستان امریکہ کےساتھ دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم اور متنوع بنانے کا خواہاں ہے،تعلقات باہمی مفادات و قومی خودمختاری کے احترام پر مبنی ہوں،ملاقات کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیتی تعاون کےلئے مفاہمتی یادداشتوں پردستخط بھی کیے گئے۔

قبل ازیں امریکی کانگریس مینزجیک برگمین، ٹام سوزی ، جوناتھن جیکسن نے محسن نقوی سے ملاقات کی،دوطرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے امور ،معیشت، تجارت ،سرمایہ کاری تعاون آگے بڑھانے ،سکیورٹی، انسداد دہشتگردی اور بارڈر سکیورٹی شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی وفد نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کو بھرپور سراہا،وزیرداخلہ نے کہا امریکہ سے پائیدار تعلقات خارجہ پالیسی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں،امریکہ میں 30 اپریل کو پاکستان کاکس کا انعقاد خوش آئند ہے، پاکستان دہشتگردی ، دنیا کے درمیان دیوار کی حیثیت رکھتا ہے، دہشتگردی عالمی چیلنج ہے، عالمی برادری بھر پور تعاون کرے۔

محسن نقوی نے کہاانسداد دہشتگردی شعبے میں انٹیلی جنس ، ٹیکنالوجی شیئرنگ انتہائی اہمیت کی حامل ہے، دہشتگردی کےخلاف پاکستانی قربانیوں کی اقوام عالم میں نظیر نہیں ملتی،امریکی کانگریس مینز کا دورہ دہشتگردی کےخلاف پاکستان کے بے مثال کردار کو اجاگر کرنے کیلئے انتہائی اہم ثابت ہوگا،امریکی کانگریس مینز نے کہا دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو بھر پور طریقے سے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی با صلاحیت و قابل ہے۔