جیل حکام نے عمران خان کو پیش کرنے کےلئے خصوصی گارڈز مانگ لیے

اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)جیل حکام نے عمران خان کو عدالت میں پیش کرنے کےلئے خصوصی گارڈز مانگ لیے،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے بانی پی ٹی آئی کو پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

عمران خان کی اقدامِ قتل، جعلی رسیدوں و دیگر کیسز میں ضمانتیں زیر سماعت ہیں،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے سکیورٹی ڈویژن کو خط لکھ کر کہاخصوصی گارڈز دئیے جائیں۔

دریں اثنا لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت درخواستیں سماعت کےلئے مقرر کر دیں،جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کا 2 رکنی بنچ 14 اپریل کو سماعت کرےگا۔

ادھر خصوصی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے 3 مقدمات میں ملزموں پر فرد جرم عائدکرنے کیلئے 19 اپریل کی تاریخ مقرر کردی، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی،10 تھانوں کی پولیس 10 کیسز کے چالان ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود تاحال پیش کرنے میں ناکام رہی، عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دےدیا۔

مزید برآں جی ایچ کیو حملہ کیس میں سرکاری گواہ پیش نہ ہونے کی وجہ سے جیل ٹرائل ٹل گیا،سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو ہوئی، مقدمات کے چالان کی نقول ملزموں میں تقسیم کی گئیں ،عدالت نے ملزموں کو واپس جانے کی اجازت دےدی،دوران سماعت دونوں گواہوں نے سرکاری وکیل کے ذریعے استدعا کی مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکتے ، عدالت نے سماعت 16 اپریل تک ملتوی کردی۔

علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت لاہورنے 5 اکتوبر جلاو¿ گھیراو¿ کے 2 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان ،عظمیٰ خانم کی عبوری ضمانتوں میں 17 مئی تک تو سیع کر دی،خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے سماعت بغیر کارروائی ملتوی کی گئی۔

دریں اثنا لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 5اکتوبر کو ہونے والے جلاو¿ گھیراو¿ اور تشدد کے3 مقدمات میں سلمان اکرم راجہ، ندیم عباس بارا، شیخ امتیاز سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پی ٹی آئی رہنماﺅں کیخلاف آزادی مارچ کے کیسزمیں زرتاج گل کی جانب سے دائر بریت درخواست پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔