حامد خان سیاست کرلیں یا پھر وکالت،آئینی بنچ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وکیل حامد خان کی عدم دستیابی ،سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو سابق وزیراعظم عمران خان کے مقدمات سننے سے روکنے کی درخواست پر سماعت نہ ہوسکی۔

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ نے کیس پر سماعت کی،جسٹس علی مظہر نے پوچھا کیا کیس غیر موثر نہیں ہوگیا؟ عدالتی بنچ نے قاضی فائزعیسیٰ کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز سننے سے روک دیا تھا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ تو ریٹائرڈ ہو گئے کیا جج ریٹائرمنٹ کے بعد لائیو ایشو ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے معاملے کو حل تو کرنا پڑے گا، جج کو مقدمہ سننے سے روکنے کا عدالتی حکم دیا گیا، مستقبل کےلئے معاملے کوحل کرنا پڑے گا، ایڈووکیٹ حامد خان کدھر ہیں؟۔

جونیئر وکیل ایڈووکیٹ اجمل طور نے کہاحامد خان سینٹ کمیٹی اجلاس میں شرکت کی وجہ سے دستیاب نہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا سینٹ کمیٹی کا اجلاس کتنے بجے ہے؟ ایڈووکیٹ اجمل طور نے کہااجلاس 2 بجے ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے پھر تو حامد خان کو عدالت آنا چاہئے تھا، سیاست کرلیں یا پھر وکالت ،ایڈووکیٹ اجمل طور نے کہا کیس فکس ہونے پر سپریم کورٹ کی طرف سے آگاہ ہی نہیں کیا گیا۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ حامد خان کی عدم دستیابی پر سماعت ملتوی کر دی،دریں اثنا5 رکنی آئینی بنچ نے خیبرپختونخوا میں 2005 کے زلزلہ سے متاثرہ سکولوں کی بحالی کیس پر سماعت کی،جسٹس امین الدین خان نے صوبائی سیکرٹریز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کی مصروفیات کا اندازہ ہے، بچے درختوں کے نیچے بیٹھ کر تعلیم حاصل کر رہے ہیں، حکومتی سطح پر امور کی انجام دہی ہونی چاہیے،سیکرٹری تعلیم نے کہازلزلے سے 3 ہزار سے زائد سکولز متاثر ہوئے، تعمیر کےلئے فنڈز نہیں دئیے جا رہے۔

سیکرٹری کمیونی کیشن اینڈ ورکس نے کہا ایک ہزار231 ملین روپے فنڈز مل چکے ، 49 سکولوں کی بحالی کا کام رہتا ہے،جسٹس علی مظہر نے کہا انڈر پاس یا بائی پاس بنانے کےلئے ڈبل یا 3 شفٹوں میں کام کیا جاتا ہے تو سکولوں کی بحالی کےلئے ڈبل یا 3 شفٹوں میں کیوں کام نہیں کیا جاتا؟،عدالت نے خیبرپختونخوا کے زلزلے سے متاثرہ سکولوں کی بحالی کےلئے مکمل پلان طلب کرلیا۔

علاوہ ازیںسپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان کےخلاف توہین عدالت نوٹس کیس سماعت کےلئے مقررکردیا،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ جمعرات کوسماعت کرے گا۔