خصوصی افراد کو سہولیات فراہمی معاشرے کی اخلاقی ذمہ داری ہے: کمشنر ساہیوال
ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے تمام کمرشل پلازوں میں خصوصی افراد کے داخلے کیلئے ریمپ تعمیر کرانے کو یقینی بنایا جائے اور انہیں ویل چیئرز رکھنے کا بھی پابند کیا جائے۔ خصوصی افراد کیلئے سہولیات کی فراہمی معاشرے کی اخلاقی ذمہ داری ہے جسے ہر حال میں پورا کیا جانا چاہئے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں سی ای او ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افتخار علی، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے گرلز کالج روڈ پر جاری ڈرین بنانے کے کام کی نگرانی کرنے اور اسے معیاری بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے خریداری کیلئے آنے والی خواتین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے مارکیٹس میں ان کیلئے خصوصی واش رومز تعمیر کرانے کی بھی ہدایت کی۔ کمشنر نے پسپ پروگرام کے تحت جاری کام کی سست روی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹائم لائن پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ 30جون کی ڈیڈلائن سے قبل سیوریج سسٹم کو فعال کیا جاسکے۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے جن سڑکوں پر سیوریج لائن ڈالی جاچکی ہے خصوصاً فرید ٹا¶ن، سرکی بازار اور دوسہرا گرا¶نڈ کی مرمت کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پاکپتن بازار اور صدربازار سے الیکٹرک پولز کی شفٹنگ کے کام میں غیرضروری تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ میپکو حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ اس اہم کام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔ دوسری طرف کمشنرساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا زیر تعمیر ایگری مال کا دورہ، تعمیراتی کام کی کوالٹی کو ہرصورت برقرار رکھا جائے اور منصوبے کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے، ایگری مال کی تعمیر سے کسانوں کو کھاد، زرعی ادویات سمیت دیگر سہولیات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہونگی، ایکسین بلڈنگ فتح محمد وٹو نے کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے پاکپتن روڈ پر زیر تعمیر ایگری مال کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کام کی کوالٹی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور منصوبے کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایگری مال کی تعمیر سے کسانوں کو ایک ہی چھت تلے معیاری کھاد، بیج، زرعی ادویات سمیت دیگر سہولیات دستیاب ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں اور زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے متعدد اقدامات کررہی ہے اور ایگری مال کی تعمیر بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ایگری مال کی عمارت کے اندرون اور بیرون لیولنگ کا کام بہترین انداز میں کیا جائے اور ڈرین لازمی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایگری مال کے داخلی اور خارجی راستہ کو بھی ہموار اور خوبصورت بنایا جائے۔ انہوں نے اس موقع پر فرش کے مختلف حصوں کی لیولنگ اورمعیار کو بھی چیک کیا۔ ڈائیریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر، ایکسین بلڈنگ فتح محمد وٹو سمیت محکمہ زراعت کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

















