نارووال (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل کردوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے،حکومت نے سخت فیصلوں کے ساتھ ملک دیوالیہ ہونے سے بچایا۔بانی پی ٹی آئی عمران خان زہر کے پیالے چھوڑ کرگئے ہم نے ملک بچانے کیلئے اپنی سیاست کا نقصان کیا، پاکستان آج ترقی کررہا ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے ڈالرز بھیج کر عمران خان کے ملک کو دیوالیہ ہونے کے منصوبے کو ناکام بنایا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب تعمیر سڑک از ظفروال تا لہڑی براستہ دولی،سکروڑ بمعہ لنک روڈ پیر پھلاہی تا کوٹ ناجو کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نے الیکشن مہم شروع کی تو مقامی لوگ دو سڑکوں کا مطالبہ کرتے تھے ایک جنڈیالہ اور دوسری کنگرہ کی جو کئی دہائیوں سے خستہ حالت تھیں آج الحمدللہ دونوں سڑکوں کی تعمیر جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ظفروال کے عوام نے امن، تعلیم اور ترقی کے منشور کو کامیاب بنایا اب اس کا پھل مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسوقت ملک میں دو نظریات کی جنگ ہے ایک نواز شریف کی ترقی کی سوچ اور دوسری عمران خان کی نفرت کی سوچ۔نواز شریف نے پاکستان میں نئے بجلی کے منصوبے بنائے ،ملک سے دہشت گردی ختم کی ،ملک میں سڑکوں کے جال بچھائے ، سی پیک چلایا، ملک کی معیشت کو بہتر بنایا مگر نواز شریف کی ترقی کے اس سفر کو ایک سازش کے ذریعے روکا گیا اور عمران خان جیسے اناڑی کو پاکستان کی معیشت کی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بٹھا دیا جسکا اس نے بیڑہ غرق کر دیاجب اس سے ملک کی ترقی کے بارے میں سوال کیا جاتا تو وہ کہتا فلاں بھی چور فلاں بھی چور کے راگ الاپنے لگ جاتا ہے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ 2022میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیر اعظم کو جمہوری طریقہ کے ذریعے تحریک عدم اعتماد سے نکالا گیا اگر عمران خاں کچھ مہینے اور رہ جاتا تو ملک دیوالیہ ہو جاتا اور ہمیں اپنے ایٹمی اثاثوں کی حفاظت مشکل ہو جاتی۔ یہ کریڈٹ نواز شریف اور شہباز شریف کو جاتا ہے انہوں نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ہم نے سیاست نہیں ریاست بچائی تھی وہ فیصلے جو عمران خاں کی حکومت نے آئی ایم ایف سے کئے وہ ہمارے گلے پڑے ہمیں اندازہ تھا کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے سے ہمیں کن مشکلات کا سامنا کرنا پر سکتا ہے مگر عوام سمجھتے تھے کے یہ فیصلے ہمارے گناہوں کا نتیجہ نہیں ہے بلکہ ہم عمران خان کی نااہلی اور نالائقیوں کا کفارہ ادا کر رہے ہیں ۔ہم نے ان سخت فیصلوں کے ساتھ ملک دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملک میں یہ مثال نہیں ملتی کہ مہنگائی دوسال کے عرصہ میں چھتیس فیصد سے کم ہو کے چار فیصد پر ا جائے بینکوں میں شرح سود تئیس فیصد سے کم ہو کے بارہ فیصد رہ جائے۔آج پاکستان مشکل وقت سے نکل گیا ہےاور دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
عمران زہر کے پیالے چھوڑ گیا ہم نے ملک بچانے کیلئے اپنی سیاست کا نقصان کیا:احسن اقبال


















