لاہور ،راولپنڈی:(کرائم رپورٹر،بیورورپورٹ)پنجاب سے 1336غیر ملکی ڈی پورٹ،2772افغان باشندوں کو ہولڈنگ سینٹرز منتقل کردیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق2772 سے زائد غیرقانونی غیرملکیوں کوہولڈنگ سینٹرزپہنچایا گیا ،2810 غیر قانونی غیر ملکی افراد پہلے سے ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں، غیر قانونی تارکین کے انخلا کےلئے صوبے بھر میں 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم ہیں۔
دریں اثنا راولپنڈی میں رہائش پذیر افغان باشندوں کےخلاف پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 180 سے زائد باشندوں کو تحویل میں لے لیا،کارروائیاں چکری، چونترہ، گوجر خان، مندرہ، روات، کلر سیداں، صدر بیرونی اور رتہ امرال کے علاقوں میں کی گئیں،تحویل میں لیے گئے افغان باشندوں کو سخت سکیورٹی میں کیمپ منتقل کر دیا گیا،2روز میں واپس بھجوائے جانے کا امکان ہے،پولیس ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران کارڈ ہولڈر خاندانوں کو بھی تحویل میں لےکر کیمپ منتقل کیا جائےگا، افغان باشندوں کےخلاف آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔
ادھر آئی جی پنجاب عثمان انور کی زیرصدارت اجلاس میں انخلا کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، آئی جی پنجاب نے غیر قانونی مقیم غیر ملکی شہریوں کے پنجاب سے انخلا کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاحکومتی احکامات کے تحت تمام غیرقانونی مقیم غیر ملکی تارکین وطن کو جلد از جلد واپس بھجوایا جائے۔
پنجاب سے 1336 غیرملکی ڈی پورٹ، 2772 افغانی ہولڈنگ سینٹرز منتقل


















