پشاور (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیرامیرمقام نے کہا ہے کہ 12سال سے نااہل لوگ خیبرپختونخوا پر مسلط ہیں۔ پشاور میں یوم تشکرکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پرگامزن ہے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی جانب سے بجلی کی مد میں ریلیف دیا گیا، پورے خیبرپختونخوا میں اظہار تشکر کا پیغام دیا جارہا ہے، وزیراعظم کی بہترین کارکردگی پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے، بجلی کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف عید کا تحفہ ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج صوبے کے عوام کی جانب سے پورے پاکستان کو پیغام دیا جارہا ہے، خیبرپختونخوا کے عوام اچھائی اوربرائی میں فرق محسوس کرتے ہیں، پشاورمیں مسلم لیگ (ن) کی پوری لیڈرشپ اور کارکنان کا مشکورہوں، جب بھی نوازشریف کو موقع دیا گیا وہ ملک کو کہاں سے کہاں لے گئے،انہوں نےموٹروے سے لے کر معاشی اصلاحات اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔امیرمقام نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے محنت کی اورکررہے ہیں، انہیں مشکلات میں ذمہ داری دی گئی، سب انتظار کررہے تھے کہ ملک کب ڈیفالٹ کرجائیگا، مسلم لیگ (ن) کی ٹیم ورک سے ناممکن کو ممکن بنایا۔انکا کہنا تھا کہ ہمارے منشور کا بھی حصہ تھا کہ 2026تک مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ پرلائیں، وزیراعظم دن رات کی محنت اورٹیم ورک کے نتیجے میں مہنگائی کو ایک سال میں سنگل ڈیجٹ پر لائے، ایک سال پہلے مہنگائی کی شرح 38فیصد تھی اور آج سنگل ڈیجٹ میں ہے، شرح سود 22فیصد سے12فیصد پر آگیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت نکمی اور نااہل ہے، تمام ترقیاتی منصوبوں پرنوازشریف کا نام ہے،نوجوان ان کے ساتھ جو ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، وزیراعلیٰ نے انٹرویو میں بتایا کہ ہم سرپلس میں جارہے ہیں ، انہوں نے کونسے ٹیکس لئے؟ صحت، تعلیم کا حال دیکھ لیں، اگر آپ نے بجٹ نہیں لگانا، کچھ نہیں کرنا تو بجٹ سرپلس ہی ہوگا۔امیر مقام کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موازنہ کرلیں کیا بہتری آئی ہے، نواز شریف اور شہبازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کررہا ہے، آرمی چیف ملک کی معیشت اور مسائل کو حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں، سب ایک پیج پر ہوں گے تو ملک آگے جائے گا ، سیاست کیلئے اکٹھا ہونا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی بہترین پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کم ہوئی، مسلم لیگ(ن)خیبرپختونخوا کےعوام کو ان کے حقوق فراہم کرے گی، مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا میں تبدیلی لائے گی، 12سال سے نااہل لوگ خیبرپختونخوا پر مسلط ہیں۔
12 سال سے نااہل لوگ خیبرپختونخوا پر مسلط ہیں: امیر مقام


















