اسرائیلی درندگی،اقوام متحدہ کے پناہ گزین کیمپ پر بمباری، 80 فلسطینی شہید

غزہ،اسلام آباد:(مشرق نیوز) اسرائیلی درندگی،اقوام متحدہ کے پناہ گزین کیمپ پر وحشیانہ بمباری، 80 فلسطینی شہید ہوگئے،خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،خبر ایجنسی کے مطابق بیت حنون اور بیت لاحیہ سے جبری بےدخل کیے گئے فلسطینی عارضی پناہ گزین کیمپ میں رہائش پذیر تھے

اسرائیلی فوج کی تازہ بمباری میں مجموعی طور پر 80 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ، سینکڑوں زخمی ہیں،اسرائیل نے غزہ کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا اور رفح اور خان یونس کے علاقوں کو الگ کر کے ”موراج کوریڈور“ کا نام دےدیا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے لبنان اور شام پر بھی فضائی حملے کیے، شام کے صوبے دارا میں 11 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، لبنان میں ہونےوالے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

دریں اثنا پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور معصوم فلسطینیوں پر وحشیانہ مظالم کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہااسرائیل کی جانب سے جاری فوجی حملے، فلسطینی زمینوں پر ناجائز قبضہ اور مقدس مقامات کی بے حرمتی بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، عالمی برادری مظالم روکنے میں کردار ادا کرے،اسرائیل کی جانب سے موراج کوریڈور پر غیر قانونی قبضہ اور مزید فلسطینی علاقوں کا الحاق بھی عالمی قوانین کے منافی ہے۔