عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے بات کیلئے کسی کو ٹاسک نہیں دیا: شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد (مشرق نیوز) پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کیلئے کسی کو کوئی ٹاسک نہیں دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کی بانی سے ملاقات سے متعلق غلط خبریں چل رہی ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ کوئی بانی پی ٹی آئی کو مذاکرات کیلئے قائل کرنے نہیں گیا تھا، حکومتی پارٹی کو خوش کرنے کیلئے اپنے پاس سے بیانیہ گھڑنا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین سے بانی پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اور پارٹی معاملات پر بات ہوئی۔

شیخ وقاص اکرم نے یہ بھی کہا کہ علی امین گنڈاپور پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے سامنے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات رکھیں گے۔