بلوچستان میں ہر صورت امن قائم ہو گا،شہباز،عوام کو ریلیف فراہم کریں،نواز

لاہور:(خبر نگار)وزیر اعظم شہباز شریف کے عالمی رہنماﺅں سے رابطے ، دو طرفہ امور ،تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال،عید کی مبارکبا ددی۔

عید کے پرمسرت موقع پرشہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان ، ایرانی صدر مسعود پیزشکیان ،قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف ،بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر یونس ،ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم ،ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف اوربوسنیا اینڈ ہرزیگووینا کے رکن ایوان صدر ڈاکٹر ڈینس بیکیرووچ سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے عید الفطرکی مبارکباد ی،نیک خواہشات کا تبادلہ ،دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اعادہ ،دورہ پاکستان کی دعوت دی،عالمی رہنماﺅں نے بھی گرمجوشی سے عید کی مبارکباد دی اور پاکستانی عوام کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر یونس سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا اپریل میں پاکستان کے نائب وزیراعظم،وزیر خارجہ کے دورہ ڈھاکہ پرپر امید ہےں ،تجارتی وفد بھی ساتھ ہوگا۔

سینئر جنرل من آنگ ہلینگ، چیئرمین سٹیٹ ایڈمنسٹریشن کونسل و وزیر اعظم میانمار سے ٹیلیفونک گفتگو میںشہبازشریف نے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں ، املاک کے نقصان پر پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے گہرے دکھ و افسوس کا اظہارکرتے ہوئے یقین دلایا پاکستان زلزلے سے متاثرہ افراد کی تکالیف کو کم کرنے کےلئے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کےلئے تیار ہے،امید ہے میانمار کے عوام بہادری سے جلد قدرتی آفت پر قابو پالیں گے۔

میانمار کے وزیر اعظم نے شہباز شریف ،پاکستانی عوام کے حسن سلوک کو سراہا اور مشکل گھڑی میں میانمار کے عوام کےساتھ کھڑے ہونے پر شکریہ ادا کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق، گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر،گورنر سندھ کامران ٹیسوری،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی،گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ ،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن،امیر جے یوآئی فضل الرحمن ،اے این پی کے سربراہ ایمل ولی،یوسف رضا گیلانی،چودھری شجاعت ،خالد مقبول صدیقی،خالد مگسی ودیگر شخصیات سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے عیدپرمبارکباد دی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ، ملکی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کےلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا،شہبازشریف نے کہاسندھ کی ترقی سے پاکستان کی ترقی جڑی ہے، صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملاقات کی اور عیدالفطر کی مبارکباد دی،ملاقات میں بلوچستان کی موجودہ اقتصادی، سماجی و امن وامان کی صورتحال ،وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پرتبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعلیٰ بلوچستان نے موجودہ منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا،شہبازشریف نے کہابلوچستان کی ترقی کےلئے وفاقی حکومت ہرممکن تعاون فراہم کرے گی، صوبے کی ترقی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ملے،ملکی سکیورٹی صورتحال کیلئے کیے گئے اقدامات اور افغان باشندوں کی وطن واپسی سے آگاہ کیا،شہباز شریف نے بالخصوص عید الفطر کے موقع پر ملک میں امن و امان کی صورتحال پر اظہار اطمینان کیا۔

ادھر وزیراعظم شہبازشریف نے قائد ن لیگ نوازشریف سے ملاقات کی،اہم ملکی معاشی و پارٹی معاملات پر بات چیت کی گئی ،شہبازشریف نے پارٹی صدر کو اہم معاملات سے آگاہ کیا،بلوچستان اور ملکی امن و امان پربریفنگ دی،وزیراعظم نے کہاوزیر اعلیٰ سے تفصیلی گفتگو ہوئی، بلوچستان میں ہر حال میں امن قائم ہو گا۔

قائد ن لیگ نوازشریف نے وزیراعظم کو ہدایت کی پنجاب بڑا بھائی ہے، ہر طرح کی مدد کریں ،عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیاجائے۔