چڑیا گھر دیکھنے کا مکمل پیکیج 500 روپے کا ہے: مریم اورنگزیب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے چڑیا گھر کے ٹکٹ کی قیمت میں اضافے سے متعلق وضاحت دیدی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چڑیا گھر میں بڑوں کیلئے انٹری ٹکٹ 100 روپے ہی ہے اور 100 روپے میں 98 فیصد چڑیا گھر دیکھا جا سکتا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ ایکوریم کا ٹکٹ 200 اور ہولوگرام کا ٹکٹ 300 روپے الگ سے ہے، اس طرح چڑیا گھر دیکھنے کا مکمل پیکیج 500 روپے ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ بعض لوگوں نے ایکوریم کے ساتھ ملا کر 300 روپے کے ٹکٹ خریدے تھے اور بعض لوگوں نے ایکوریم اور ہولوگرام کو ملا کر 500 والے ٹکٹ خریدے تھے، اس طرح یہ غلط فہمی پیدا ہو گئی کہ چڑیا گھر کا ٹکٹ 300 یا 500 روپے ہو گیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ ایکوریم اور ہولوگرام کے ٹکٹوں کیلئے الگ ونڈوز بنا دی ہیں، سسٹم ٹھیک کر دیا ہے، اب غلط فہمی نہیں ہو گی۔دوسری طرف شکایات کے مطابق چڑیا گھر کی انتظامیہ نے ٹکٹ کی قیمت میں اچانک ہوشربا اضافہ کر دیا۔لاہور میں چڑیا گھرکا ٹکٹ 80روپے سے بڑھا کر 300روپے کر دیا گیا ہے۔ٹکٹ کی قیمت میں اچانک اضافے سے عید پر تفریح کیلئے آنے والے شہری پریشان ہیں اور ٹکٹ دیکھ کر واپس جانے لگے جبکہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافے کی شکایت موصول ہوئی ہیں۔