اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر خزانہ و سینیٹر اورنگزیب نے کہاہے وزیراعظم جلد بجلی نرخوں میں کمی کااعلان کریں گے،شرح سود بھی مزید نیچے آئےگی۔
بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب نے کہا بجلی نرخوں میں کمی کے اقدام سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو فروغ ،برآمدات میں اضافہ ہوگا،حکومت کی توجہ معیشت بہتر بنانے پر مرکوز ،ملکی برآمدات کو بڑھانے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے،آنے والے وفاقی بجٹ میں ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے پر توجہ دی جائے گی، ریئل سٹیٹ، ریٹیل اور زراعت جیسے شعبوں کو ٹیکس نظام میں شامل کیا جائے گا،ٹیکس بنیادوں کو وسعت دے کر مینوفیکچرنگ سیکٹر پر غیر ضروری ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنا ہے، مینوفیکچرنگ سیکٹر اب تک ٹیکس کا بڑا حصہ ادا کر رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے مہنگائی کے رجحانات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا مجموعی و بنیادی مہنگائی کی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے،رواںسال کے دوران شرح سود میں مزید کمی متوقع ہے ،شرح سود میں کمی سے اقتصادی ترقی کےلئے حالات مزید بہتر ہوں گے،پہلا چینی یوان بانڈ جاری کرنے کا ارادہ ہے ، مالیت 200 سے 250 ملین ڈالر کے درمیان ہوگی، بانڈ کا حجم اہم نہیں بلکہ فنڈنگ ذرائع میں تنوع مقصود ہے ،استعمال موسمیاتی تبدیلی کے منصوبوں کےلئے کیا جائے گا۔
وزیراعظم جلد بجلی سستی کرینگے،شرح سود بھی مزید نیچے آئےگی،وزیر خزانہ

















