عمران خان کا درخواست ضمانتوں کی جلد سماعت کیلئے رجوع

لاہور،اسلام آباد: (کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی مقدمات میں درخواست ضمانتوں کی جلد سماعت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے متفرق درخواستوں میںموقف اختیار کیا سیاسی انتقام کیلئے سازش کا الزام لگا کر مقدمات میں نامزد کیا گیا ، 2رکنی بنچ نے 24 مارچ کو کیسز سماعت کیلئے مقرر کئے ، 24 مارچ کو بنچ کی عدم دستیابی کے باعث سماعت نہ ہو سکی، کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی،9 مئی کے 8مقدمات میں درخواست ضمانتوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔

دریں اثنا بانی پی ٹی آئی نے 190 ملین پاوڈ کیس میں سزا معطلی درخواست بھی جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواست دائر کر دی،عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا، درخواست میں وفاق اور چیئرمین نیب کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیا 24 مارچ کو سزا معطلی کا کیس سماعت کیلئے مقرر تھا، مرکزی وکیل قتل کے مقدمے میں سپریم کورٹ میں مصروف تھے، عدالت نے مختصر کاز لسٹ کی وجہ سے سزا معطلی درخواست عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔