کانگریس میں پاکستان مخالف بل دوطرفہ تعلقات کا عکاس نہیں:دفتر خا رجہ

اسلام آباد،نیویارک:(بیورورپورٹ)دفتر خارجہ نے کہاہے روس ، یوکرین میںسیز فائر خوش آئند ہے ،امریکی کانگریس میں پاکستان مخالف بل دوطرفہ تعلقات کا عکاس نہیں۔

شفقت علی خان نے کہاامریکہ میں پیش کیے گئے بل سے آگاہ ہیں،فرد کی جانب سے اٹھایا گیا قدم ہے،امید ہے امریکی کانگریس دونوں ممالک کے اچھے تعلقات کےلئے اقدامات کرے گی،پاکستان کی کمرشل کمپنیوں پر لگائی گئی پابندیاں یکطرفہ ہیں، ثبوتوں کے بغیر لگائی گئیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاپاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل کا دورہ نہیں ہو سکتا،اسرائیل پر موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،پاکستانی پاسپورٹ پر واضح تحریر ہے اسرائیل کے سفر کےلئے کارآمد نہیں، تکنیکی طور پر کوئی پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل میں داخل نہیں ہو سکتا اگر کوئی داخل ہوا ہے تو خصوصی انتظامات ریاست کی جانب سے کیے گئے ہوں گے۔

شفقت علی خان نے کہاروس،یوکرین میںسیز فائر مستقل ہونی چاہیے،پاکستان کے دونوں ممالک کےساتھ اچھے تعلقات ہیں،ہمیشہ بات چیت کو فوقیت دی ،صادق خان نے دورہ افغانستان میںجعفر ایکسپریس کامعاملہ اٹھایا، طوربارڈر پر تعمیرات سمیت تمام معاملات اٹھائے گئے۔

ترجمان دفترخارجہ شفقت نے واضح کردیا افغان مہاجرین کی واپسی ڈیڈ لائن میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، افغان سرزمین پردہشتگردوں کی پناہ گاہوں کا مسئلہ اہم ہے، دہشت گرد پناہ گاہیں پاک افغان تعلقات میں سنگین رکاوٹ ہیں،مسئلے کے حل تک بات چیت جاری رکھیں گے، بھارتی ریاستی دہشتگردی سے دنیا کو آگاہ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب سلامتی کونسل اجلاس میں یوکرین کی انسانی صورتحال پر قومی بیان دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے نامزد مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے معاہدے کو ممکن بنانے میں امریکی انتظامیہ ،قیادت کی فعال شمولیت کو سراہا،عاصم افتخار نے کہاپرامید ہیں نیا مثبت رجحان اور ابتدائی اقدامات سے پیدا ہونے والی رفتار بالآخر جامع و مستقل جنگ بندی کی راہ ہموار کرے گی، امن کے فروغ کےلئے سعودی عرب اور قیادت کا کردار قابل تعریف ہے۔