سپیشل افراد، بزرگ اور طلبہ کیلئے سفر مفت، کسی صوبے کا پانی نہیں لے رہے،جواب دیں گے: مریم نواز

لاہور :( اپنے رپورٹر سے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 24واں اجلاس میں طویل ترین ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دی گئی اور اہم فیصلے کیے گئے، کابینہ نے پنجاب میں سپیشل افراد، بزرگ اور طلبہ کےلئے مفت سفر کی سہولت کی منظوری دی گئی، طلبہ کےلئے ٹرانسپورٹ کارڈ جاری کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ نے چکن کے نرخ کم کرنے کےلئے موثر اقدامات کی ہدایت کی، اجلاس میں جنسی جرائم کیلئے سپیشل انوسٹی گیشن یونٹس کے قیام کی منظوری دی گئی، مریم نوازنے ریپ کے واقعات کی روک تھام کےلئے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں بھکر اور بہاولنگر میں ایئرپورٹ بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور بھکر میں ایئر ایمبولینس سروس کےلئے ایئر سٹرپ کی تعمیر کے فنڈز کی منظوری دی گئی،اجلاس میں پنجاب کی ایئر لائن سروس کے آغاز کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ نے ٹریفک چالان اور جرمانے کی وصولی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے ٹریفک چالان اورجرمانے کی عدم ادائیگی پر زیروٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی، مریم نوازشریف نے لیگل ریفامز کےلئے پلان طلب کر لیا ، کابینہ نے نئے ایڈووکیٹ جنرل امجد پرویز کی تعیناتی کا خیر مقدم کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا حکومت آتے ہی سفارشوں کی لائن لگ گئی لیکن کسی بھی سفارش پر عمل نہیں کیا،لا آفیسرز کی 100فیصد میرٹ پر تعیناتی ہونی چاہیے، بھرتی پر انگلی نہیں اٹھنی چاہیے، زیادتی کے واقعات کا سن کر سرشرم سے جھک جاتا ہے، پنک سالٹ پاکستان کا ہے صرف پیکجنگ کرکے فائدہ دوسرے ممالک اٹھارہے ہیں،شہریوں نے نگہبان رمضان پر نہایت مثبت رسپانس دیا ، 25لاکھ 64ہزار گھرانوں کو نگہبان رمضان2025 کے چیک مل چکے ہیں، خوشی ہوئی وفاق اور دیگر صوبوں نے پنجاب کے رمضان پیکیج کو فالو کیا۔

اجلاس میں طلبہ کےلئے گریڈ نگ سسٹم کےلئے ورلڈ بینک سے معاہدہ سائن کرنے کی منظوری دی گئی، کابینہ نے پنجاب فرٹیلائزر کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانے بڑھا دیئے، ناجائز اسلحہ کے تدارک کےلئے پنجاب آرمز آرڈیننس کی خلاف ورزی پر جرمانے، سزا مزید سخت ، پیدائش، ڈیٹھ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی فیس ایک سال کےلئے معاف، نادار اور مستحق افراد کو مفت قانونی امداد یقینی بنانے کےلئے پنجاب لیگل ایڈ رولز میں ترمیم کی منظوری دی گئی، مریم نوازنے پنجاب میں چاول کی دو فصلیں کاشت کرنے کی پابندی کی تجویز کو مسترد کر دیا۔

کابینہ نے 664بصارت سے محروم افراد (VIPs)کو ڈیلی ویجز پر ایڈجسٹ کرنے اور بصارت سے محروم افراد (VIPs)کی مزید سماجی شمولیت کےلئے تجاویز کی منظوری دےدی، پنجاب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں 3904اسامیوں کے قیام ، شیخ زید میڈیکل کالج،ہسپتال، رحیم یار خان کے نئے کارڈیک سینٹر کےلئے ایڈہاک،کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتیوں کی اجازت ، پنجاب لائف انشورنس کمپنی (PLIC) میں کلیدی عہدوں پر بھرتی کےلئے سلیکشن کمیٹی، محکمہ خزانہ کے سپیشلائزڈ یونٹ میں خالی اسامیوں پر نئی بھرتیوں، نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ایجوکیشن، چلڈرن لائبریری کمپلیکس لاہور کےلئے 32نئی اسامیوں کے قیام ، فسادات سے نمٹنے کےلئے 2ہزار نفری پر مشتمل رائٹ مینجمنٹ (Riot Management) پولیس، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے قیام اورپنجاب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے وسائل کی فراہمی ، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ٹرانسفر پالیسی 2024، محکمہ داخلہ کی طرف سے انعامی رقم کے تعین، سالٹ رینج پنجاب میں سمال انڈسٹری سٹیٹ،منرل پراسیسنگ یونٹ کے قیام ، چنیوٹ میں آئرن اوور ریزرو کی کان کنی اور پراسیسنگ کےلئے سٹریٹجک اراضی کے حصول سمیت اہم فیصلے کیے گئے۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نواز نے تھیٹر کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا تھیٹر فن و ثقافت کا آئینہ دار ہے،تھیٹر معاشرتی اقدار کی عکاسی اور شعور بھی فراہم کرتا ہے، باشعور اور ترقی یافتہ معاشرے میں معیاری تھیٹر کو باوقار مقام حاصل ہوتا ہے، پنجاب حکومت تھیٹر کی اپ گریڈیشن کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔