ملک بھر میں شب قدر آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی

لاہور (مشرق نیوز) ”ہزار مہینوں سے بہتر رات“ ملک بھر میں رمضان المبارک کی 27 ویں شب (شب قدر) آج مذہبی جوش وخروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائیگی۔یاد رہے کہ لیلة القدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، لیلة القدر میں عبادت کا ثواب ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔

شب قدر کے موقع پر مساجد کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے، آج مساجد میں تراویح میں تکمیل قرآن کی محافل ہوں گی، نماز تراویح میں قرآن سنانے والے حفاظ اور سامعین کو انعام و اکرام سے نوازا جائیگا، مٹھائیاں بھی تقسیم کی جائیں گی۔

فرزندان اسلام شب بیداری کرتے ہوئے عبادات کا اہتمام کریں گے، خواتین گھروں میں جبکہ مرد حضرات مساجد میں رات عبادت میں گزاریں گے، اس موقع پر دین کی سربلندی، ملک وقوم کی ترقی وسلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی، مساجد میں عبادت گزاروں کیلئے سحری کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔

27 ویں شب کو مساجد میں باجماعت صلوٰة التسبیح ادا کی جائیگی اور انفرادی عبادت میں نوافل کی ادائیگی، تلاوت قرآن پاک کی جائیگی اور نبی کریم کے حضور درود شریف کا نذرانہ پیش کیا جائیگا۔ شب قدر کی رات لوگ اللہ سے گڑ گڑا کر توبہ و استغفار اور مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کریں گے۔