انتظامیہ ٹرینوں کی بروقت بنانے ناکام، عید سپیشل گاڑیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ

لاہور (اپنے نمائندے سے) ریلویز انتظامیہ کا عید الفطر کے موقع پر سپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان مسافر ٹرینوں کی بروقت آمد و روانگی کے اوقات کار میں بہتری لانے میں ناکامی کی نذر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ رمضان المبارک کے آخری ایام میں بھی لاہور سے کراچی روانہ ہونے والی متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز انتظامیہ مسافروں کو عید کے موقع پر سپیشل ٹرینیں چلانے کی خوشخبر ی کا بغل بجا رہی ہے لیکن مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں بھی مسافر ٹرینوں کو بروقت کرنے پر منصوبہ بندی کا فقدان ہے جبکہ عرصہ دراز سے اس مسئلہ کو حل کرنے کی خاطر کسی قسم کے عملی اقدامات دیکھنے میں نہیں آرہے جس میں مسافر ٹرینوں کی دیگر شہروں سے لاہور آمد اور روانگی کے اوقات کار میں بہتری لانے کی بجائے عارضی منصوبہ بندی اختیار کر رکھی ہے جو کہ محکمہ کی بدنامی اور ساخت کو نقصان پہنچنے کا باعث بن رہی ہے اوقات کار میں گھنٹوں کی تاخیر اور متعدد ٹرینوں کی روانگی موخر ہونے کی وجہ سے مسافروں کو کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس صورتحال کی وجہ سے شہری دیگر ٹرانسپورٹ کو استعمال کرنے کو اہمیت دے رہے ہیں حال ہی میں نئے وفاقی وزیر ریلویز کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ عید پر سپیشل ٹرینیں چلائی جائیں گی جبکہ ریلویز انتظامیہ سسٹم میں چلنے والی ٹرینوں کے اوقات کار میں بہتری لانے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ اس حوالے سے رواں ماہ میں مختلف مسافر ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں جس میں بزنس ایکسپریس 34-ڈاون کراچی کیلئے سہ پہر 4 بجکر 30 کی بجائے 5 بجکر 45 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی کراچی ایکسپریس 16-ڈاون کراچی کیلئے شام 6 بجے کی بجائے 7 بجکر 15 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی شاہ حسین ایکسپریس 44-ڈاون کراچی کیلئے شام 7 بجے کی بجائے رات 9 بجکر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی ناگزیر وجوہات کے باعث گزشتہ روز 26مارچ کو جعفر ایکسپریس 40-ڈاون کوئٹہ کیلئے روانہ نہیں ہوئی جس پرمسا فر کو ریزرویشن آفس لاہور یا قریبی ریزرویشن آفس سے اپنی ٹکٹ کا ریفنڈ لینے کا کہا گیا 25مارچ کو بھی شا ہ حسین ایکسپریس 44-ڈاون کراچی کیلئے شام 7 بجے کی بجائے 8 بجکر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ کی گئی 24مارچ کو قراقرم 42-ڈاون کراچی کیلئے سہ پہر 3 بجے کی بجائے سہ پہر 4 بجکر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی بزنس ایکسپریس 34-ڈاون کراچی کیلئے سہ پہر 4 بجکر 30 کی بجائے شام 6 بجکر 30 منٹ پر لاہور سے گئی شاہ حسین ایکسپریس 44-ڈاون کراچی کیلئے شام 7 بجے کی بجائے 7 بجکر 45 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی پاکستان ایکسپریس 46-ڈاون کراچی کیلئے دوپہر 1 بجکر 30 منٹ کی بجائے دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر فیصل آباد سے روانہ کی گئی ۔ 22مارچ کو بھی قراقرم 42-ڈاون کراچی کیلئے سہ پہر 3 بجے کی بجائے سہ پہر 4 بجے لاہور سے روانہ ہوئی کراچی ایکسپریس 16-ڈاون کراچی کیلئے شام 6 بجے کی بجائے شام 7 بجے لاہور سے روانہ کی گئی پاکستان ایکسپریس 46-ڈاون کراچی کیلئے دوپہر 1 بجکر 30 منٹ کی بجائے دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر فیصل آباد سے روانہ : ملت ایکسپریس 18-ڈاون کراچی کیلئے شام 5 بجکر 50 منٹ کی بجائے شام 6 بجکر 50 منٹ پر لاہور سے روانہ کی گئی اسی طرح عرصہ دراز سے ریلویز انتظامیہ اوقات کار میں بہتری لانے میں مکمل طور پر ناکام ہے عید الفطر کے موقع پر مسافروں ٹرینوں کو بروقت کرنے کی بھی منصوبہ بندی نہیں دکھائی دے رہی مسافروں کا کہنا تھا کہ ریلویز منسٹر کو سپیشل ٹرینیں چلانے کے ساتھ اوقات کار میں بہتری لانے کی خاطر ریلویز افسران کو پابند کرنا ہو گا کہ وہ مسافر ٹرینوں کو بھی بروقت کرنے کے پابند ہو، بصورت دیگر سپیشل ٹرینیں چلانے کا مقصد ختم ہو جائیگا، سالہا سال سے اوقات کار میں گھنٹوں تاخیر کا سلسلہ چل رہا ہے ۔