اصلاحات کا مقصد سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی ہے:چیف جسٹس

اسلام آباد :(بیورورپورٹ) چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے اصلاحات کا مقصد سائلین کو بروقت و موثر انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کا مختلف شعبہ جات کے سربراہوں کےساتھ مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں سپریم کورٹ کے رجسٹرار، ڈی جی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی، سیکرٹری قانون و انصاف کمیشن نے شرکت کی،اعلامیے کے مطابق اجلاس میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جاری عدالتی اصلاحات کا جائزہ لیا، عدالتی طریقہ کار کی ڈیجیٹلائزیشن، احتساب، شفافیت کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا سائلین نظام انصاف کے بنیادی سٹیک ہولڈرز ہیں،عزت و وقار کےساتھ پیش آنا مثبت عوامی تاثر کو مزید مضبوط کرتا ہے،اجلاس میں اب تک حاصل کیے گئے نمایاں اہداف پر روشنی ڈالنے کےساتھ ای فائلنگ نظام کے کامیاب عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا، آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے انضمام پر ہونے والی پیشرفت پربریفنگ دی۔