دہشت گردی کیخلاف پوری قوم اپنی مسلح افواح کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

قصور (بیورو رپورٹ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ 23 مارچ کا دن تجدید عہد وفا کا دن ہے جس دن برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا تھا،پاکستان کا استحکام ہمارے اتحاد اور عزم سے جڑا ہوا ہے، ہمیں تحریک پاکستان کے جذبے کو زندہ رکھنا ہوگا، دہشت گرد تنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائیگا اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ یوم پاکستان کے موقع پر گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول، قصور میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے مرکزی تقریب منعقد کی گئی جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، وزیر مملکت ملک رشید احمد خان، اور ممبر صوبائی اسمبلی ملک سعید احمد خان نے شرکت کی۔ تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سعد وسیم شیخ، ڈپٹی کمشنر عمران علی، اور ڈی پی او عیسیٰ خاں سکھیرا بھی شریک ہوئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے قائداعظم کے اصولوں کو اپنانا ہوگا، اور نوجوانوں کو اپنی محنت اور جدوجہد سے پاکستان کا روشن مستقبل یقینی بنانا ہوگا۔وزیر مملکت ملک رشید احمد خان نے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، اور اس کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ یکجہتی اور محنت سے کرنا ہوگا۔ ممبر صوبائی اسمبلی ملک سعید احمد خان نے وطن کی حفاظت میں جانیں نچھاور کرنے والے شہدا ءکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے محسنوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے ڈسٹرکٹ جیل قصور کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے قیدیوں کے ساتھ افطار کی خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر نعت خوانی اور تلاوت قرآن پاک کے مقابلے منعقد کئے گئے جن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے قیدیوں کو انعامات دئیے گئے۔تقریب میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات نوید رف، سپرنٹنڈنٹ میاں عمیر، ممبر پنجاب بار کونسل ملک ریاض احمد خان اور چیئرمین عفیرا فانڈیشن زبیر خان بھی شریک تھے۔ملک احمد خان نے جیل میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم جوتے، فرنیچر اور بلب بنانے کے کارخانوں کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں کی ہنر مندی کو سراہا۔ اس دوران ایک قیدی کی جانب سے تیار کردہ خصوصی کرسی انہیں پیش کی گئی جس پر اسپیکر اسمبلی نے کاریگر کو 50 ہزار روپے انعام دیا۔انہوں نے جیل اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جو کام گزشتہ 30 سال میں نہیں ہو سکے، وہ اس حکومت میں ممکن ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق جیلوں میں بہتری کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور قیدیوں کو بہتر سہولیات اور تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔آگے بڑھتے ہوئے، ملک احمد خان نے کہا کہ جیلوں میں جاری اصلاحاتی عمل سے قیدیوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی اور وہ ایک ہنر مند شہری کے طور پر معاشرے کا حصہ بن سکیں گے۔