ڈی آئی خان میں آپریشن، 10 خوارج جہنم واصل، کیپٹن شہید

راولپنڈی: ( ) ڈی آئی خان میں آپریشن ، 10 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔


آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں جہلم سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ کیپٹن حسنین اختر اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے مادرِ وطن پر قربان ہوئے اور شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوگئے۔

کیپٹن حسنین نڈر اور بہادر افسر ، اپنے جرات مندانہ و دلیرانہ فیصلوں کی وجہ سے جانے جاتے تھے اور کئی کامیاب آپریشنز میں نمایاں کارکردگی دکھا چکے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔


آئی ایس پی آر نے کہا مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں ، بہادر جوانوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔