فیصل جاوید سمیت 5 ملزموں کی بریت درخواستیں خارج، 2 کی جائیدادیں ضبط

اسلام آباد،راولپنڈی :(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید سمیت 5 ملزموں کی بریت درخواستیں خارج،عدالت نے 2 رہنماوں کی جائیدادیں ضبط کرنے کاحکم دےدیا۔

اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر فیض آباد کے مقام پر احتجاج کے کیس پر سماعت کی، عدالت نے فیصل جاوید خان اور واثق قیوم کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا،فیصل جاوید کی دہشت گردی کی دفعات کے خاتمے کی درخواست بھی خارج کی گئی،عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر سابق ایم پی اے راجہ راشد حفیظ کو مقدمہ میں اشتہاری قرار دےدیا، کیس کی آئندہ سماعت کے دوران ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائےگی، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 اپریل تک ملتوی کر دی۔

قبل ازیں خصوصی عدالت نے 4 مقدمات میں پی ٹی آئی کے سابق ترجمان روف حسن کی گرفتاری سے پولیس کو روکتے ہوئے تھانہ آبپارہ، کراچی کمپنی اور مارگلہ کے مقدمات کی سماعت 5 مئی،تھانہ رمنا کے مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت 8 اپریل تک ملتوی کر دی۔

علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے پی ٹی آئی کے رہنماوں قاضی احمد اکبر اور ایمان طاہر کی جائیداد کرک کرنے کے احکامات جاری کردئیے، اٹک پولیس نے عدالت میں رپورٹ جمع کراتے ہوئے کہا ملزمان گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش ہیں،دریں اثناءاحتجاج کیس میں اے ٹی سی جج نے بشریٰ کی ضمانت میں 5 مئی تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔