کاز لسٹ منسوخی، میری عدالت کو بارود رکھ کر اُڑا دیتے ،جسٹس سردار اعجاز

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کاز لسٹ منسوخ کرنے پر توہین عدالت کیس میں ریمارکس دیئے اپنے ادارے کی فکر ہوگئی، گائیڈڈ میزائل اب ہماری طرف آرہا ہے۔

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر وکیل مشال یوسفزئی کی جیل سپرنٹنڈنٹ کےخلاف توہین عدالت کیس کو کاز لسٹ سے منسوخ کرنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ازخود توہین عدالت پر سماعت کی۔

ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل سلطان محمود نے کہاچیف جسٹس آفس سے ہدایات آئی تھیں، کہا گیا لارجر بنچ بنا دیا اب کیس کی کازلسٹ منسوخ کردیں۔

عدالت نے کہا کیا چیف جسٹس کے پاس ایک جج کے پاس زیرسماعت کیس مرضی کے بغیر دوسرے جج کو منتقل کرنے کا اختیار ہے؟ فرض کریں مستقبل میں نہایت کرپٹ چیف جسٹس ہو تو مقدمہ منتقلی کا اختیار ہو گا؟،ایک پارٹی کے 3 کیسز ہوں، چیف جسٹس کو درخواست دیں تو زیرسماعت کیس منتقل ہو سکتا ہے؟ کیا آپ کرپشن ،اقربا پروری کے دروازے کھول رہے ہیں؟ اقدام انصاف کی عدالت کو گمراہ کرنے کے بھی مترادف ہے،ہائیکورٹ رولز میں نہیں جج کی مرضی کی بجائے چیف جسٹس کیس ٹرانسفر کر دےں، آپ ایک چیز کو انا کا مسئلہ بنا کر جو کچھ کر رہے ہیں وہ ہائیکورٹ کے بخیے ادھیڑ دے گا۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہاریاست نے اگر فیصلہ کر لیا انا کی جنگ جیتنی ہے تو میرا بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں، کیا ریاست جج کی مرضی کے بغیر کیس لارجر بنچ کو منتقل کرنے کی حمایت کرتی ہے؟ ،ایسا کرنے کی بجائے آپ میری عدالت کی بنیادوں میں بارود رکھ کر اڑا دیتے اگر بڑے صاحب کی مرضی کہیں اور ہے تو وہ کہیں میں کیس اپنے پاس لے لوں، بھلا جج رجسٹرار آفس کے مرہون منت ہے؟ آفس فیصلہ کرے گا جج نے کیس سننا ہے یا نہیں ؟ کیا کازلسٹ فیصلہ کرے گی عدالت انصاف کیسے دیگی؟۔

ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل نے کہا چیف جسٹس آفس سے ہدایت کیلئے معاملہ بھیجا، کیس لارجر بنچ کو منتقل کرنے کا کہا گیا، جسٹس سردار اعجاز نے کہا لارجر بنچ سب کچھ عدالتی کارروائی کی توہین میں کر رہا ہے، شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا کیس میں ریاست اور سپرنٹنڈنٹ تو متاثرہ فریق بھی نہیں تھے، کیا انصاف ملے گا، مشعال یوسفزئی نے کہا ہمارے ساتھ باہر یہ ہورہا ہے تو بانی پی ٹی آئی ،بشری کیساتھ جیل میں کیا کرتے ہوں گے؟ جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ریمارکس دئیے آپ وہ بات کررہی ہیں ہمیں تو اپنے ادارے کی فکر ہوگئی ،گائیڈڈ میزائل آپ کی طرف جارہا تھا وہ اب ہماری طرف آرہا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت ملتوی کر دی۔

دوسری طرف بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر وکیل مشال یوسف زئی کی جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کیس کو کاز لسٹ سے منسوخ کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوموٹو توہین عدالت کی کارروائی شروع کردی اور ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دےدیا،کاز لسٹ کی منسوخی اور کیس دوسرے بنچ کو منتقل کرنے پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے بھی جواب طلب کرلیا

دریں اثنا بانی پی ٹی آئی کی جیل ملاقاتوں کے تمام مقدمات جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر ہو گئے،قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ سماعت کریگا، ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب طاہر اور جسٹس اعظم خان لارجر بینچ کا حصہ ہوں گے۔